پی ٹی آئی کی موجودہ اتحادی حکومت کا میڈیا کیساتھ دوستانہ رویہ ہے :مشتاق احمد غنی

پی ٹی آئی کی موجودہ اتحادی حکومت کا میڈیا کیساتھ دوستانہ رویہ ہے :مشتاق احمد ...

پشاور(پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ اتحادی حکومت کا میڈیا کے ساتھ ایک دوستانہ رویہ ہے اور حکومت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ صحافی برادری کے ساتھ ایک اچھا اور قریبی تعلق برقرا ررہے تاکہ عوام کو حکومتی اقدامات سے متعلق درست اور بر وقت معلومات فراہم کی جا سکے۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز اخبار فروش یونین کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کی۔وفد میں اخبار فروش یونین کے مرکزی صدر ٹکا خان، خیبر پختونخوا کے صدر حاجی عبدالحلیم خان، سینئر صحافی مشتاق پراچہ کے علاوہ صوبہ کے اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، نوشہرہ، سوات، ایبٹ آباد، مردان،مانسہرہ و دیگر سے یونین کے عہدیدار شامل تھے۔وفد نے معاون خصوصی اطلاعات کو حال ہی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ہونے والی ملاقات کے تناظر میں بتایا کہ اخبار فروش ایک غریب طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں جو کسی بھی موسم کی پرواہ کئے بغیر سال بھربلا تعطیل با قاعدگی کے ساتھ عوام کی دہلیز پر اخبارات کی ترسیل کا کام کرتے ہیں لیکن وسائل کی عدم دستیابی اور اور معاشی بدحا لی کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہیں۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر اخبار فروشوں کے تمام مطالبات کا حل یونین کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی نکالا جائے گا، انہوں نے اس موقع پر ڈائریکٹر اطلاعات شعیب الدین کو اخبار فروشوں کے لئے انڈونمنٹ فنڈ کے قیام کے مطالبہ پر صوبہ بلوچستان حکومت کے قائم انڈونمنٹ فنڈ کو سٹڈی کرنے کی ہدایت کی جبکہ اخبار فروشوں کی مالی معاونت کے لئے ای او بی آئی کے ساتھ معاملہ بھی اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اخبار فروشوں کے لئے ضلعی سطح پر دفاتر کے قیام کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی اور تمام مطالبات پر پیش رفت کے لئے یونین کے عہدیداروں اور محکمہ اطلاعات پر مشتمل ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد غنی کاکہنا تھا کہ صحافت کے شعبہ سے منسلک اخبار فروشوں کے مسائل کا بخوبی اندازہ ہے اور ان کی محنت و کام کی قدر کرتے ہیں ۔ موجودہ صوبائی حکومت تمام شعبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی فلاح و بہبود کے لئے بلا امتیاز اقدامات اٹھا رہی ہے، ہمارا کام لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے میں ایک باوقار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں اخبار فروش یونین کے ساتھ محکمہ اطلاعات کا رابطہ بر قرار رہے گا ۔آخر میں وفد نے خیبر پختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے کہ جس نے اخبار فروشوں کی طرف توجہ دی ہے اور وزیر اعلیٰ نے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...