موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچاؤ کا اہم ذریعہ جنگلات کا فروغ ہے :اشتیاق ارمڑ
پشاور(پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے ماحولیات وجنگلات محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچاؤکا اہم ذریعہ جنگلات کوفروغ دینا ہے جس کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی اور سیلابوں کی روک تھام سمیت بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کوکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت موسمی تغیرات کے خطرات سے نمٹنے اور گرین گولڈ کو فروغ دینے کے لئے دوررس اقدامات کررہی ہے اورصوبے میں بلین ٹری سونامی شجرکاری کے انقلابی منصوبے کے تحت اب تک تقریباً18 کروڑ پودے لگائے گئے ہیں جبکہ اسی منصوبے میں 1 ارب پودے لگانے کا حدف مقررہ مدت سے ایک سال پہلے یعنی دسمبر 2017 میں پورا کیاجائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور (پی ایف آئی)کے گولڈن جوبلی تقریبات اورکانووکیشن کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطا ب میں کیا جس کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان تھے جبکہ تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، صوبائی وزراء شاہ فرمان اور محمد عاطف، چیف سیکرٹری امجد علی خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان،سیکرٹری ماحولیات نذر حسین شاہ ، ڈی جی پی ایف آئی حکیم شاہ کے علاوہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے صوبائی افسران ودیگر صوبوں، وفاق،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں خدمات سر انجام دینے والے پی ایف آئی کے فارغ التحصیل گریجویٹس،ادارے کے اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔منعقدہ تقریب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ،وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ،سیکرٹری ماحولیات نذر حسین شاہ اورڈ ی جی پی ایف آئی حکیم شاہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمداشتیاق ارمڑنے کہاکہ نئے رجحانات اورضروریات کے پیش نظر فارسٹری کے چالیس سالہ پرانے کورس کو تبدیل کرکے دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ نیا کورس متعارف کرایا گیاہے جبکہ جنگلات کو محفوظ بنانے کے سلسلے میں ٹمبر مافیاکے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے گرفتاریاں کی گئی ہیں اورٹمبر مافیا کے تقریباً40 افراد جیلوں میں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تقریباً24 کروڑ درخت جن کو گرین ٹری مارکنگ میں شامل کیاگیا تھا کوہماری حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد کاٹنے سے بچایا ہے اوربلین ٹری سونامی کے عظیم منصوبے کے تحت تقریباً 5 ہزار نرسریاں لگائی گئی ہیں جن سے نہ صرف جنگلات کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ ہزار وں کی تعدا دمیں لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلات نذر حسین شاہ نے کہاکہ صوبے میں محکمہ جنگلات کی تقریباً تین ہزار ایکڑ اراضی کو قابضین سے وا گزار کرایا گیا ہے اور ٹمبرمافیا کے خلاف سخت کارروائیاں کی گی ہیں جن کی بدولت اب صوبے میں باہر سے استعمال کے لئے ٹمبرلائی جاتی ہے اوران اقدامات میں محکمہ کی مخلصانہ کوششیں کارفرما ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان فارسٹ انسٹی ٹیوٹ پشاور حکیم شاہ نے خطبہ استقبالیہ میں ادارے کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تعلیمی درسگاہ نے جنگلات و جنگلی حیات کی تعلیم و تحقیق میں نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں اور صوبے میں جنگلات کے فروغ میں اس مادر علمی کاکلیدی کردار رہاہے انہوں نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ تعلیمی ادارہ جو کہ اپنی نوعیت کا منفرداورواحد انسٹی ٹیوٹ ہے کو نیشنل یونیورسٹی آف فارسٹ کادرجہ دیاجائے جس کی تجویز سے وزیراعلیٰ کے مشیرا شتیاق ارمڑنے بھی اتفاق کیا۔