اے پی ایم ایل ملک بھرمیں فعال کردار ادا کررہی ہے‘ ڈاکٹر محمد امجد

اے پی ایم ایل ملک بھرمیں فعال کردار ادا کررہی ہے‘ ڈاکٹر محمد امجد

کراچی/لندن (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد امجد اور سیکریٹری اطلاعات لندن محمد علی چوہان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ اس وقت ملک کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں تمام عہدیداران، ایگزیکٹو کمیٹیوں اور سب آفسز کے ذریعے بھرپور انداز میں فعال کردار ادا کررہی ہے۔ ملک کے چاروں کونوں میں ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح پر عوام الناس کو پرویز مشرف کے کارواں میں شامل کرنے کیلئے مسلسل جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ مملکت خدا داد سرزمین پاکستان کی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کے پاکستان سمیت دنیا کے 10ممالک میں سب آفسز موجود ہیں۔ APML کے قائد جنرل (ر) پرویز مشرف قوم کے ایک بہادر سپاہی اور عوام کی حقیقی خدمت کرنے والے واحد لیڈر ہیں جن کے دور اقتدار میں پاکستان نے معاشی، دفاعی اور سماجی شعبوں میں بھرپور ترقی کی۔ جنرل (ر) پرویز مشرف نے اپنے 9سالہ اقتدار میں پاکستان کی پبلک اسپینڈنگ(عوام پرخراجات ) کو 75بلین روپے سے 587بلین روپے تک پہنچایا جس کی مثال دنیا کے کسی ملک میں نہیں ملتی ہے۔ سیکریٹری اطلاعات لندن محمد علی چوہان نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے اقتدار میں آنے سے قبل پاکستان دنیا کا دوسرا کرپٹ ترین ملک تھا اور جب پرویز مشرف نے استعفیٰ دیا اس وقت پاکستان دنیا کے کرپٹ ترین ممالک کی فہرست میں 67ویں نمبر پر تھا۔ پرویز مشرف کے دور اقتدار میں شامل کسی بھی وفاقی وزیر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے جبکہ سابقہ و موجودہ حکومتیں کرپشن کی بے تاج بادشاہ نکلیں۔ پانامہ لیکس کے منظر عام پر آنے کے بعد نواز حکومت اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز مکمل طور پر کھوچکی ہے۔ نواز شریف کا چاہئے کہ اپنی صفائیاں دینے کے بجائے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کے لئے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کریں۔

مزید : کراچی صفحہ آخر