وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ غلط ہے ،رحمت خان وردگ

وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ غلط ہے ،رحمت خان وردگ

سکھر (بیورو رپورٹ) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے چیف جسٹس کو خط لکھ کر اپوزیشن کا مطالبہ پورا کردیا ہے اسی لئے وزیراعظم کو کسی صورت استعفٰی نہیں دینا چاہئے۔ انچارج میڈیا سیل‘ تحریک استقلال عبدالقیوم مجاہد کے جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق تحریک استقلال کے مرکزی صدر نے مذید کہا کہ ٹی او آرز کو ایشو بناکر واویلا کیا جارہا ہے‘ اپوزیشن کو چیف جسٹس کی آمد کا انتظار کرنا چاہئے کیونکہ تمام سیاستدانوں نے چیف جسٹس پر اعتماد کیا ہے اسی لئے ان سے انصاف کی پوری امید رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے عمران خان نے شعیب سڈل سے انکوائری کا مطالبہ کیا لیکن پی پی نے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیٹی کا مطالبہ کیا تو عمران خان نے بھی چیف جسٹس کی سربراہی کا مطالبہ کردیا۔ اب وزیراعظم نے ان کا یہ مطالبہ پورا کردیا ہے تو اپوزیشن کو نان ایشوز کی سیاست نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقصادی راہداری کی بروقت تکمیل میں پاکستان کی ترقی کا راز مضمر ہے اور ملک میں افراتفری پیدا کرکے اس اہم ترین منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ملک دشمنی کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے حالانکہ نوازشریف نے اپوزیشن کا مطالبہ پورا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند اپوزیشن رہنما بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر پاک چین اقتصادی راہداری پر کام رکوانے کی امریکی سازشوں میں معاون ثابت ہورہے ہیں حالانکہ اقتصادی راہداری پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پایا جاتا تھا۔

مزید : کراچی صفحہ آخر