تحریک انصاف کے’’کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ‘‘ مارچ کا آغاز

تحریک انصاف کے’’کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ‘‘ مارچ کا آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کی قیادت میں کرپشن مٹاؤ ملک بچا ؤمارچ کا آغاز کردیا ہے،شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس میں تمام جماعتیں حقائق جاننا چاہتی ہیں، جبکہ اپوزیشن کی تمام ہی جماعتوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔کراچی ملک کا معاشی حب اور دل ہے اسی لئے مہم کا اغاز کراچی سے کیا ہے، جبکہ ملک میں جتنی بھی اہم تحاریک چلی ہیں اس میں سندھ کا کردار رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کوشاہ محمود قریشی کی قیادت میں کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ مارچ ائیرپورٹ سے اندرونِ سندھ کے لئے روانہ ہوگیا۔ کرپشن مٹاؤمارچ شارع فیصل سے ہوتاہوا جب قائد آباد پر پہنچاتو تحریک انصاف کے کارکنان نے مارچ کے شرکا کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ کراچی سے شروع ہونے والا پی ٹی آئی کا یہ مارچ 29 اپریل کوسکھر پہنچے گا۔ 30 مارچ کو عمران خان سکھر میں مارچ کا حصہ بنیں گے جس کے بعد ان کی قیادت میں یہ مارچ پنجاب کے شہر رحیم یار خان پہنچ کراختتام پذیر ہوگا۔کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سے بات اور مارچ کے آغاز پر اپنے خطاب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی پاکستان کو بچائیں گے، جو طبقہ پاکستان کا خون نچوڑ رہا ہے ہم نے اس کے خلاف علم بلند کیا ہے، قیام پاکستان کے بعد سے اب تک چلائی گئی تمام اہم تحاریک میں سندھ کا کردار سب سے اہم رہا ہے، اسی لئے کرپشن مٹاؤ ملک بچا ؤمارچ کا آغاز بھی سندھ سے ہی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام قومی دولٹ لوٹنے والوں کااحتساب چاہتے ہیں، ملک کی تمام اپوزیشن جماعتوں نے کمیشن کو مسترد کردیاہے کیونکہ اس کمیشن کی تشکیل میں حکومت کی نیت نیک نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاناما لیکس پر صرف کمیشن بنا کر حجت تمام کرنا چاہتی تھی۔ پاناما لیکس میں وزیر اعظم کے خاندان کا نام آیا ہے اس لیے وزیراعظم سے تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پاناما لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کے حوالے سے 2 مئی کو اسلام آباد میں تمام اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پرغورکیا جائے گا۔

مزید : کراچی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...