تھر کمیشن کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے،اپوزیشن کا مطالبہ

تھر کمیشن کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے،اپوزیشن کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی میں منگل کو مطالبہ کیا گیا کہ تھر کمیشن کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے رکن محمد حسین نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ تھر کمیشن کی رپورٹ میڈیا میں آگئی ہے لیکن سندھ اسمبلی میں پیش نہیں کی گئی ۔ اس رپورٹ میں مختلف صوبائی محکموں کو تھر کی صورت حال کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے جبکہ خراب حکمرانی کو بھی اس کا سبب قرار دیا گیا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ سندھ اسمبلی کو میڈیا کے ذریعہ تھر کمیشن رپورٹ کے بارے میں پتہ چلا ۔ سندھ اسمبلی میں بحث کے نتیجے میں تھر کمیشن قائم کیا گیا تھا لیکن اسمبلی کو رپورٹ کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا حالانکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں کم و بیش وہی نکات ہیں ، جن کی نشاندہی اپوزیشن ارکان نے بحث کے دوران کی تھی ۔ سینئر وزیر خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقیات سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر کمیشن کی رپورٹ میڈیا میں کیسے آئی ، اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن یہ رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی ہے ۔ وہ اس کے بارے میں وضاحت کر سکتے ہیں ۔

مزید : کراچی صفحہ آخر