کرپشن اور بد عنوانی کے سدباب کیلئے آرمی چیف کے اقدامات تاریخ کا حصہ بنیں گے :مولانا گل نصیب

کرپشن اور بد عنوانی کے سدباب کیلئے آرمی چیف کے اقدامات تاریخ کا حصہ بنیں گے ...

ہنگو(بیورورپورٹ)کرپشن اور بدعنوانی کے سدباب کے لئے آرمی چیف کے اقدامات تاریخ کا حصہ بنیں گے۔جنرل راحیل شریف نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کرپشن کی جڑیں عملی طور پر کاٹ کر دیکھادیئے۔مشرف کرپٹ ترین حکمران تھے جنہوں نے آئین کو توڑا اورملکی مفادات کا سودا کیا۔عمران خان کی دھرنوں اور جھوٹ کی سیاست نے آنے والے دور میں تحریک انصاف کی سیاست کا جنازہ نکال دیا۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام (ف) خیبر پختونخواہ کے صوبائی امیر سابق سنیٹر مولانا گل نصیب خان نے دورہ ہنگو کے موقع پرجے یوآئی کے رہنما حاجی عبد الرحمان کی رہائش گاہ پر ایک پرحجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جے یو آئی کے رہنماء ایم پی اے مفتی سید جنان،ضلعی جنرل سیکرٹری رحمت اللہ زار ،ضلعی رہنما حاجی ضیاء الاسلام سمیت جے یوآئی کے کارکنان کی کثیر تعداد بھی موجود تھیں۔مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ گامزن کرنے کے لئے کرپشن اور بد عنوانی جیسے لعنتوں کی جڑیں کاٹنا وقت کا تقاضا ہے اور آرمی چیف راحیل شریف نے کرپشن کے خلاف عملی اقدامات کا ثبوت دیکر ایک تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس محض ایک خبر ہے اور بغیر تحقیقات کے بے بنیاد خبروں پر وزیر اعظم پاکستان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا بلا جواز ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان ایک قابل اعتماد اور انصاف فراہمی کا سب سے بڑا ادارہ ہے لہذا سپریم کورٹ کے سربراہی میں تحقیقاتی رپورٹ مرتب کر کے سیاسی معاملات کو مزید الجھانے کے بجائے قانونی تقاضوں سے ہم آہنگ منصفانہ حل نکالا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹی اور کھوکھلے نعروں کی سیاست سے عوامی اعتماد سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور آئیندہ عام انتخابات میں موصوف کو اپنے سیاسی کرئیرکی ناکامی کابخوب اندازہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ دھرنوں کی سیاست نے نہ صرف ملک کی معیشت کو کمزور کیا بلکہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں بر سر اقتدار سیاسی جماعت نے صوبے کے عوام کو بد امنی ،مہنگائی ،غربت اور لاشوں کے تحائف کے سوا کچھ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کرپٹ ترین انسان تھے جنہوں نے امریکہ سے خفیہ معاہدوں کے زریعے ملک کی مفادات کا سودا کیا اور پاکستان کی آئین اور دستور کو توڑ کر آئین کو پھیرو تلے روندڈالا جو کہ ملک کی تاریخ کا سیاح ترین دور تھا۔مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف)ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ، دین کی سربلندی اورعوامی خدمت کے جزبے کے تحت سیاسی جدوجہد میں مصروف ہے اور دین اسلام کی سربلندی اور مستحکم پاکستان ہماری سیاست کا محور ہے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک بھر کی عوام کی دل کی دھڑکن بن چکی ہے اور آئیندہ آنے والے عام انتخابات میں ملک بھرمیں انشاء اللہ کلین سویپ کریں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...