شریف خاندان سیاسی مخالفین کو بلیک میل کررہا ہے:عمران خان

شریف خاندان سیاسی مخالفین کو بلیک میل کررہا ہے:عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان بجائے اپنے اوپر عائد الزامات کے جواب دینے کے سیاسی مخالفین کو بلیک میل کررہا ہے۔بلیک میلنگ کیلئے سرکاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔

پاناما لیکس میں شریف خاندان کا ذکر آنے کے بعدسے ملکی سیاست میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔حکومتی اور اپوزیشن حلقے ایک دوسرے کو غلط ثابت کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کیلئے تیار نظر آتے ہیں۔

اسی تناظر میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ن لیگ کی کرپشن سامنے آتی ہے تووہ روائتی طرز عمل اختیار کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کو بلیک میل کرنا شروع کر دیتی ہے اور اب ایک بار پھر اس مقصد کیلئے سرکاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف نےجہانگیر ترین پر قرضوں کے معاف کرائے جانے کے الزامات کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پر قرضہ جات معاف کرانے کے جتنے بھی الزامات لگے انہوں نے ان کے جواب میں دستاویزی ثبوت دے دیئے ہیں اور اب الزامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا سوچ رہے ہیں۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ تو حکومت میں ہے اگر اس کے پاس کسی کے غیر قانونی کاموں میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں تو وہ ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کر ے اور سزا دلوائے نہ انہیں بلیک میل کرنا شروع کردے۔

مزید : اسلام آباد /اہم خبریں

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...