کبیر خان شہریوں کے غم و غصے کا سامنا کرنے کے بعد لاہور پہنچ گئے ، سخت سیکیورٹی فراہم کر دی گئی

کبیر خان شہریوں کے غم و غصے کا سامنا کرنے کے بعد لاہور پہنچ گئے ، سخت سیکیورٹی ...
کبیر خان شہریوں کے غم و غصے کا سامنا کرنے کے بعد لاہور پہنچ گئے ، سخت سیکیورٹی فراہم کر دی گئی

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فلم ڈائریکٹر کبیر خان کراچی ائیرپورٹ پر شہریوں کے غم و غصے اور احتجاج کا سامنا کرنے کے بعد لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں انہیں سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ کبیر خان کراچی سے لاہور پہنچے ہیں جہاں انہیں ائیرپورٹ کے اندر ہی موجود وی وی آئی پی لاﺅنج میں بٹھایا گیا ہے اور انتہائی سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کبیر خان کچھ ہی دیر بعد لاہور سے بھی روانہ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کبیر خان کراچی ائیرپورٹ پر پہنچے تو شہریوں نے ان کا گھیراﺅ کر لیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کیساتھ ساتھ انہیں جوتے بھی دکھائے۔ اس موقع پر شہریوں نے کبیر خان کو پاکستان آنے کی دعوت دینے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

کبیر خان نے پاکستان مخالف فلموں کی ڈائریکشن بھی دے رکھی ہے جن میں ”فینٹم“ اور ”ایک تھا ٹائیگر“ شامل ہیں اور ان فلموں کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد ہے۔

مزید : تفریح