وفاقی کابینہ نے جوڈیشل کمیشن اور ٹی او آرز کی توثیق کر دی ، مخالفین ترقیاتی منصوبوں سے خائف اور ہماری کامیابیوں سے نالاں ہیں: وزیر اعظم نواز شریف

وفاقی کابینہ نے جوڈیشل کمیشن اور ٹی او آرز کی توثیق کر دی ، مخالفین ترقیاتی ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے نئے معیار مقرر کئے ، مخالفین ترقیاتی منصوبوں سے خائف اور ہماری کامیابیوں سے نالاں ہیں۔ 

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو بھیجے گئے ضابطہ کار کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ضابطہ کار حتمی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں سات ماہ کےطویل وقفہ کے بعد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاناما لیکس کے لیے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں تمام پہلووں کا احاطہ کیا گیاجس میں تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ  تمام ادارے پاکستانی معیشت کی بہتری کا اعتراف کررہے ہیں،ہم نے اپنے منصوبوں میں شفافیت کے نئے معیارمتعارف کرائے ۔انہوں نے کہا ذاتی طور پر خوش ہوں کہ ہم نے تھرکول سے بجلی حاصل کی ہے،اپنے دور حکومت میں ملک بھر سے گیس کی قلت کوختم کردیں گے۔

 وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مخالفین جانتے ہیں کہ ہمارے ترقیاتی کام مکمل ہوگئے تو 2018کے انتخابات میں ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ،  بعض سیاست دان محض اقتدار کی ہوس میں ملک میں ترقیاتی عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیر اعظم نے کہا سیاسی مخالفین کو ملک میں توانائی کے منصوبے مکمل ہونے کے بعد ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں اپنی شکست نظر آرہی ہے اس لیے وہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں۔انہوں نے کہا 2018تک مخالفین کی مخالفت ختم ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ1999 سے لے کر 2013 تک کسی حکومت نے توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر توجہ نہیں دی ، جس کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بحران پیدا ہوا ،  جبکہ ہماری حکومت نے اس شعبہ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

انھوں نے وفاقی وزرا سے کہا کہ وہ وضاحتوں کے بجائے اپنی وزارتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوامی خدمت کے لیے اپنی توانائیاں صرف کریں۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چین کی طرف سے توانائی کے شعبے میں 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے علاوہ پاکستان میں دو موٹر ویز کے لیے ساڑھے چار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بھی توثیق کی، اس رقم سے سکھر ملتان اور حویلیاں تاکوٹ موٹر ویز مکمل ہوں گی۔

مزید : قومی /اہم خبریں

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...