ایف بی آر نے ایان علی کے گرد گھیرا تنگ کردیا
اسلام آباد (آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کرنسی سمگلنگ میں ملوث ملزمہ ماڈل ایان علی کے خلاف گھیرا تنگ کردیا، ملزمہ ایف بی آر کی 1 کروڑ 93 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے، جب تک ملزمہ کی جانب سے مکمل رقم ادا نہیں کی جائے گی ایف بی آر کی جانب سے کلین چٹ نہیں دی جائے گی۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق کرنسی سمگلنگ میں ملوث ملزمہ ماڈل ایانع لی کی ملک کے مختلف حصوں میں موجود جائیداد پر واجب الادا انکم ٹیکس کی رقم 1 کروڑ 93 لاکھ روپے بنتی ہے۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس قوانین کے تحت ماڈل ایان علی کے کراچی میں موجود نجی بینک اکاﺅنٹ سے 35لاکھ 36ہزار کی رقم حاصل کرلی جس کے بعد ایان علی سے واجب الادا رقم 1کروڑ 57 لاکھ 61 ہزار روپے بنتی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ماڈل ایان علی کی جانب سے انکم ٹیکس کی مد میں رقم نہ دینے تک ایف بی آر اسے کلیئر قرار نہیں دے سکتا۔ واضح رہے کہ سپر ماڈل ایان علی کو مارچ 2014ءمیں بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد سے دبئی کرنسی سمگلنگ کی کوشش میں گرفتار کیا گیا تھا۔