دانیال عزیز اور طلال چوہدری پی ٹی آئی پر برس پڑے،عمران سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنے کا مطالبہ

دانیال عزیز اور طلال چوہدری پی ٹی آئی پر برس پڑے،عمران سے ہاتھ جوڑ کر معافی ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا پاناما لیکس میں نام غلطی سے آیا،تحقیقاتی ٹیم کے اس انکشاف کے بعد حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما تحریک انصاف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں پر برس پڑے اور آنے والے دنوں میں سخت تادیبی کارروائی کا بھی عندیہ دیا۔طلال چوہدری نے جہانگیر ترین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہجہانگیر ترین پڑھے لکھے جعلساز ہیں ۔انہو ں نے بڑے وکیل کو پیسہ دے کر اپنے ماں باپ کے شیئرز کو اپنے نام کرالیا۔انہوں نے اپنے والدین بہن اور بہنوئی کو عدالتوں میں گھسیٹا۔1980میں ایک یونیورسٹی پروفیسر(جہانگیر ترین) جس کے پاس صرف ایک موٹر سائیکل تھا اب اس کے پاس جہاز ہے۔انہوں نے کہا ترین کے باورچی اورویٹربھی کروڑوں پتی بن چکے ہیں۔انہوں نے مقامی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جہانگیر ترین سے ’دی نیوز ‘میں شائع ایچ بی ایل کے آرٹیکل کو چیلنج کیوں نہیں کرتے ، اگر یہ جھوٹ ہے تو چیلنج کریں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ آئی سی  آئی جےکے غلطی تسلیم کرلینے کے بعد پی ٹی آئی مچھلی کی طرح تڑپ رہی ہے۔انہوں نے کہا عمران خان وزیراعظم پرالزامات لگانے اور کیچڑ لگانے پر سب کے سامنے باقاعدہ معافی مانگیں۔دانیال عزیز نے کہاکہ ’ہم وہ دن دیکھیں گے جب آپ ہاتھ جوڑ کر معافی مانگیں گے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن کے کمیشن سے متعلق تمام مطالبات تسلیم کیئے اب عوام کو انصاف دلوانے والے کٹہرے سے بھاگ رہے ہیں۔دانیال کا کہنا تھا کہ عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔جن چار حلقوں کی بات کی جاتی ہے وہاں عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ کیا ۔پاناما لیکس کے حوالے سے دانیال نے کہا کہ اس کے ذریعے پاکستانی جمہوریت اور جمہوری نظام کیخلاف سازش کی گئی۔

اس موقع پر حکمران جماعت کے رکن اسمبلی طلال چوہدری بھی موجود تھے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہ اپوزیشن خصوصاپی ٹی آئی پر برس پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ قرضے معاف کرانے والے آج کرپشن کیخلاف احتجاج کررہے ہیں اور عمران خان کرپشن مٹاﺅ نہیں بلکہ کرپٹ بچاﺅ جہاز بچاﺅ کی مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا مخالفین نے جعلی احتساب کا نعرہ لگایا تھا اب وزیراعظم نے اصلی احتساب شروع کردیا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنایاتو یہ لوگ بھاگنے لگے ہیں لیکن اب حقیقی احتساب ہو گا ،حساب ہوگا،بھاگنے نہیں دیں گے۔

طلال چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ احتساب شروع ہونے کے بعد یہ لود ہمارے پچھلے دروازوں میں رات بھر بیٹھے رہتے ہیں کہ قرضہ جات کی با ت کو رہنے دیں۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کی طرح اپوزیشن بھی بے نقاب ہو گئی ۔

مزید : اسلام آباد

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...