آف شور کمپنیوں کے بینیفشری وزیراعظم، احتساب سے بچنے کیلئے کمپنیاں بچوں کے نام کر رکھی ہیں: تحریک انصاف

آف شور کمپنیوں کے بینیفشری وزیراعظم، احتساب سے بچنے کیلئے کمپنیاں بچوں کے ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی آئی جے کا پاناما پیپرز میں وزیر اعظم نواز شریف کا نام نہ ہونے کا بیان سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا رد عمل بھی آگیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) کا بیان ہمارے موقف کی تائید کرتا ہے پانامہ پیپرز میں بے نقاب ہونے والی کمپنیوں کے حقیقی بینیفشری وزیراعظم ہی ہیں لیکن انہوں نے احتساب سے بچنے کیلئے مشکوک سرمایہ سے قائم ہونے والی کمپنیاں بچوں کے نام کر رکھی ہیں۔

بیان میں وزیر اعظم پر سوالات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے وزیراعظم کے بچوں کی آف شور کمپنیوں میں استعمال ہونے والے سرمائے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ ان کمپنیوں کے قیام میں استعمال ہونے والی دولت کہاں سے آئی؟ وزیراعظم کے بچوں کی آف شورکمپنیوں کیلئے سرمایہ کس قانونی ذریعے سے باہر منتقل کیا گیا؟ بیرون ملک اثاثوں کے حوالے سے شریف خاندان کے افراد کے متضاد بیانات کی حقیقت کیا ہے؟بیرون ملک کمپنیاں قائم کرنے میں جن غیر ملکی افراد نے وزیراعظم کے بچوں کو سرمایہ فراہم کیا ان کی تفصیلات کیا ہیں؟ وزیراعظم کی 1990 سے 2013 تک کی ٹیکس تفصیلات کیا ہیں؟ وزیراعظم نے آئین اور انتخابی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اپنے اثاثوں کی تفصیلات کیوں چھپائیں؟۔

مزید : قومی /اہم خبریں

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...