شمالی کوریا میں 36سال بعد کانگریس کا اجلاس 6مئی کو ہوگا

شمالی کوریا میں 36سال بعد کانگریس کا اجلاس 6مئی کو ہوگا

پیونگ یانگ(مانیرنگ ڈیسک )شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس کی حکمران پارٹی اگلے ماہ تقریباً 36 سال بعد پہلے مرتبہ اپنی اعلیٰ کانگریس کا اجلاس منعقد کرے گی۔ یہ اجلاس پیونگ یا نگ میں 6 مئی کو ہوگا۔پارٹی کی تاریخ میں یہ ساتواںجبکہ کم جانگ اُن کی قیادت میں پہلا اجلاس ہو گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اجلاس کے دوران شمالی کوریا کی پالیسیوں میں ممکنہ تبدیلیوں اور شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے حوالے سے بیانات جیسے اہم موضوعات کی وجہ سے اس تقریب پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا کہ کوریا پانچویں جوہری تجربے کا ارادہ رکھتا ہے۔ شمالی کوریا اکثر اپنے متنازعہ جوہری تجربات اور اہم سیاسی تقریبات کا انعقاد ایک ساتھ کرتا ہے۔جنوری میں چوتھے تجربے کے فوراً بعد سیٹلائٹ بھی لانچ کیا گیا۔ یہ دونوں تجربات موجودہ پابندیوں کی خلاف ورزی ہیں۔ ان تجربات کے بعد اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد کیں جن میں اس کے ساتھ روابط اور تجارت پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

شمالی کوریا کے موجودہ سربراہ کِم جونگ ان کی پیدائش سے پہلے منعقد ہونے والا کانگریس کا آخری اجلاس اکتوبر سنہ 1980 میں ہوا۔

وہ اجلاس چار دن جاری رہا اور اس دوران کم جونگ ال کو باقاعدہ طور پر سربراہ کم ال سنگ کا جانشین قرار دیا گیا تھا۔بدھ کو شمالی کوریا کے ’کے سی این اے‘ خبر رساں ادارے کے بیان میں ساتویں اجلاس کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ اس اجلاس کی کیا مدت ہو گی۔

توقع ہے کہ کِم اجلاس میں اپنی رہنمائی کو مزید مضبوط کریں گے اور معاشی نشوونما کے ایجنڈے اور جوہری پروگرام کی پیش رفت کے بارے میں بات کریں گے۔جنوبی کوریا کے صدر پارک گوین ہائی نے منگل کو کہا کہ شمالی کوریا نے پانچویں جوہری تجربے کی تیاری مکمل کر لی ہے اور کسی بھی وقت تجربہ کر سکتے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...