’یہ ایک کام کرنے والے شادی شدہ جوڑے ہمیشہ خوش رہتے ہیں‘ سائنسدانوں نے انتہائی دلچسپ انکشاف کردیا
نیویارک (نیوز ڈیسک) قدرت نے نسل انسانی کی بقاءکے لئے جنس کو ایک ذریعہ بنایا ہے۔ اس فطری ضرورت کی ناجائز ذرائع سے تسکین جہاں خرابی اور بربادی کا سبب بنتی ہے وہیں جائز طریقے سے اس کی تسکین انسان کے لئے مسرت اور شادمانی کا سبب بھی ہے۔ ازدواجی تعلق کی افادیت کے بارے میں اس سے پہلے بھی بہت کچھ کہا جاچکا ہے، مگر اب امریکی سائنسدانوںنے اسے میاں بیوی کی دائمی خوشی کا اصل راز بھی قرار دے دیا ہے۔
لمبی اور خوشگوار ازدواجی زندگی کیلئے صرف اس ایک مشورے پر عمل کریں
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان ازدواجی فرائض کی ادائیگی کی شرح جس قدر زیادہ ہوگی ان کے تعلق کی مضبوطی اور مسرت میں اضافہ بھی اسی شرح سے بڑھتا جائے گا۔ فلوریڈا سٹیٹ یونیورسٹی کے نفسیات دانوں نے اس تحقیق کے دوران سینکڑوں شادی شدہ جوڑوں کا مطالعہ کیا۔ تحقیق کاروں نے یہ بھی معلوم کیا کہ ازدواجی فرائض کی ادائیگی کی وجہ سے مسرت میں اضافے کے متعلق جوڑے عموماً اظہار نہیں کرتے، لیکن جب نفسیاتی تکنیک کے ذریعے ان کے آٹو میٹک بیہیویئر(خود کار روئیے) کا مطالعہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ان کے درمیان ازدواجی فرائض کی ادائیگی جتنی زیادہ تھی ان کا باہمی تعلق اتنا ہی زیادہ مضبوط تھا اور وہ ایک دوسرے کے لئے لاشعوری طور پر بھی اچھی اور مثبت رائے رکھتے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض اوقات جوڑے اس تعلق سے خود بھی آگاہ نہیں ہوتے لیکن تحقیق ثابت کرتی ہے کہ ازدواجی فرائض بکثرت ادا کرنے والے جوڑوں کے درمیان قربت بھی بہت زیادہ ہوتی ہے اور وہ دل کی گہرائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔ یہ اہم تحقیق جریدے سائیکالوجیکل سائنس میں شائع کی گئی ہے۔