مسلم سکولز: پریکٹیکل میں مخصوص سٹوڈنٹس کو نوازنے کیلئے امتحانی سنٹر خریدنے کا انکشاف
ملتان ( سٹاف رپورٹر ) پرائیویٹ مسلم سکولز کی انتظامیہ کا اپنے مخصوص طلباو طالبات کے نمبر لگوانے کیلئے پریکٹیکل امتحانی سنٹرز”خرید لئے “‘ ایگزامینرز کو ہاتھ میں لے لیا ۔ دیگر طلبا کے(بقیہ نمبر41صفحہ12پر )
ساتھ نا انصافی ‘ تعلیمی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ پرائیویٹ مسلم سکولز پیپلز کالونی کی انتظامیہ ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی میٹرک کے امتحانات میں پریکٹیکل میں اپنے مخصوص طلبا و طالبات کے نمبرز لگوانے کے لئے سرگرم ہے ۔خصوصاًایسے طلبا وطالبات جن سے امید ہے کہ وہ بورڈ میں پوزیشن لے سکتے ہیں ‘ ان کے پریکٹیکل کے نمبرز لگوانے کے لئے امتحانی سنٹرز کے عملے کو اپنے ساتھ ملا لیا گیا ہے۔ مسلم سکولز کے آدمی امتحانی سنٹروں میں گھسے ہوئے ہیں اور اپنی نگرانی میں اپنے سامنے نمبر ز لگوائے جا رہے ہیںاور جو ایگزامینر تعاون سے گریز کریں تو انہیں ان کے افسران کے ذریعے پریشرائز کرایاجار ہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم سکولز کی انتظامیہ نے ملتان تعلیمی بورڈ کے مخصوص بااثر افسروںو اہلکاروں کے ساتھ بھی معاملات طے کر رکھے ہیں ۔ اس صورتحال میں سفارش نہ رکھنے والے طلبہ کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے۔ تعلیمی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلی ٰ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ سخت نوٹس لے کر کارروائی کی جائے ۔ دوسری جانب ملتان تعلیمی بورڈ کے حکام نے رابطے پر کہا کہ صورتحال کو چیک کیاجائے گا ۔ ایسی شکایات ملنے پر سنٹرز کے معاملات دیکھے جائیں گے اور کارروائی کی جائے گی۔