امیر الدین میڈیکل کالج کے طلبہ کو مستقل بنیادوں پر گولڈ میڈلز دینے کا اعلان

امیر الدین میڈیکل کالج کے طلبہ کو مستقل بنیادوں پر گولڈ میڈلز دینے کا اعلان

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے ایم بی بی ایس کے 6 مضامین میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا ءو طالبات کےلئے مستقل بنیادوں پر گولڈ میڈل کے اجراءکا اعلان کر دیا ہے جس کے اخراجات حکومتی خزانے کی بجائے اساتذہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔ اس گولڈ میڈل کا اطلاق امیر الدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی) کے طلباءطالبات پر ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے بتایا کہ شعبہ گائنی، میڈیسن ، اطفال ، امراض چشم ، سرجری اور ناک ، کان گلہ میں ایم بی بی ایس کے طلبا کو ہر سال یہ میڈل دیا جائے گا ۔ جس کا مقصد طلباءو طالبات میں مقابلے کا رجحان پیدا کرنا ہے۔ اس مقابلے کی فضاءکے فروغ سے نہ صرف اُن سٹوڈنٹس کا اپنے آپ پر بلکہ ادارے کے نام کو بھی مزید روشن کر نے میں مدد ملے گی اور یہ میڈل ان کو تمام زندگی مقابلے کے رجحان کو فروغ دینے کیلئے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا پیغام بھی دیتا رہے گا کیونکہ ارادے پختہ ہوں تو منزل قریب ہو جاتی ہے ۔ پروفیسر محمد طیب کا کہنا تھا کہ مستقبل کے معالجین کیلئے پر اعتماد ہونا اشد ضروری ہے جبکہ آنے والے دنوں میں اپنے اپنے شعبہ میں سپیشلائزیشن کرنے کے لئے بھی ان کو ملنے والا گولڈ میڈل انہیں متحرک رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی جانب سے گولڈ میڈل کا اجراءکیا جا چکا ہے ۔ بانی کلاس امیر الدین میڈیکل کالج کی 5طالبات کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

میڈیکل کالج

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -