صنعتیں ملکی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہوتی ہیں‘ صدر ہری پور چیمبر

  صنعتیں ملکی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہوتی ہیں‘ صدر ہری پور چیمبر

  

ہری پور( آن لائن )ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر الحاج عطا الرحمن نے کہا ہے کہ صنعتیں کسی بھی ملک کی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہوتی ہیں مگر بدقسمتی سے صوبہ خیبر پختونخوا بالخصوص حطار انڈسٹریل سٹیٹ میں قائم صنعتوں کو مسائل درپیش ہیں، متعلقہ حکام کے عدم تعاون سے بہت سی انڈسٹریز خیبرپختونخوا سے باہر یا بیرون ملک سرمایہ کاری کرنے پر مجبور ہیں جو حکومتی ذمہ داروں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔وہ ہری پور چیمبر بلڈنگ میں صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک طرف ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کی سکیموں پر کام کر رہے ہیں جو نہایت خوش آئند ہے مگر جب انڈسٹری ہی نہیں ہو گی اور معیشت کو مستحکم کرنے والے ادارے ہی ختم یا بیرون ملک چلے جائیں گے تو پھر اتنا بڑا حکومتی منصوبہ حکومت کامیاب نہیں ہو گا۔

انہوں نے میڈیا سمیت جملہ سٹیک ہولڈرز سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ صنعتیں چلیں گی تو مقامی معیشت کے ساتھ ساتھ قومی معیشت بھی مستحکم ہو گی اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر حاجی افتخار احمد، سابق صدر چیمبر سید صفدر زمان شاہ، چیمبر ٹریڈ انڈسٹری کے نمائندگان و عہدیداران بھی موجود تھے جبکہ تقریب سے سینئر صحافیوں صداقت حسین، یونس مجاز، بخت زادہ خان، مشرف ہزاروی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور میڈیا اور انڈسٹری کے مابین بہتر تعلقات و روابط کاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ 

مزید :

کامرس -