پارلیمانی انکوائری کمیٹی کا دورہ بنوں ،بلین ٹری منصوبہ میں 2ہزار پودے 2لاکھ ظاہر کیے گئے

پارلیمانی انکوائری کمیٹی کا دورہ بنوں ،بلین ٹری منصوبہ میں 2ہزار پودے 2لاکھ ...

  

پشاور(خصوصی رپورٹ) بلین ٹری سونامی منصوبہ میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور گھپلوں کا انکشاف، پارلیمنٹ کی انکوائری کمیٹی کا بنوں کا دورہ۔ کمیٹی کے رکن اکرم درانی نے انکشاف کیا کہ ایک ارب سے زائد درخت لگا نے کا محض دعویٰ کیا گیا، دس کروڑ درخت بھی نہیں لگائے جا سکے ۔ بلین ٹری سونامی منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کے لئے 18 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔منصوبے میں کرپشن اور گھپلوں کے انکشاف پر پارلیمانی کمیٹی نے بنوں کا دورہ کیا جس میں ارکان اسمبلی اکرم خان درانی، خوشدل ایڈووکیٹ، شگفتہ ملک، سرداریوسف اور لطف الرحمان سمیت دیگر ارکان نے سائٹ کا جائزہ لیا۔اپوزیشن رہنما اور کمیٹی کے رکن اکرم درانی نے انکشاف کیا ہے ،دس کروڑ درخت بھی نہیں لگائے جاسکے۔ اکرم درانی کا کہنا تھا کہ 400 کینال پر سرکاری ریکارڈ میں مزدور کو ساڑھے 15 ہزار کے بجائے 5 ہزار روپے مل رہے ہیں، 2 ہزار پودے لگاکر 2 لاکھ ظاہر کیے گئے، مزدور کو چیک کی بجائے کیش پے منٹ کی جاتی ہے، محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے نالی چک کے مقام پر 10 لاکھ پودے ریکارڈ میں ظاہر کیے لیکن حقیقت میںایک ہزار بھی نہیں لگے۔ذرائع کے مطابق فی پودے کی دیکھ بھال 50 روپے مقرر کی گئی تھی، 500 روپے دیے جا رہے ہیں۔ حکومت نے ایک ارب 20 کروڑ پودے لگانے کا دعویٰ کیا، مجموعی طور پر 10 کروڑ بھی نہیں ہیں۔ وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک دن پہلے تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، استعفے کے بعد اپوزیشن ارکان کا بنوں جانا کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔

شجرکاری مہم

مزید :

صفحہ آخر -