جماعت اسلامی میں بھی تبدیلی ،امیر العظیم سیکرٹری جنرل ،لیاقت بلوچ مرکزی نائب امیر مقرر

  جماعت اسلامی میں بھی تبدیلی ،امیر العظیم سیکرٹری جنرل ،لیاقت بلوچ مرکزی ...

  

لاہور(میاں اشفاق انجم) لیاقت بلوچ کی جگہ امیر العظیم جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل بن گئے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مرکزی شوریٰ سے طویل مشاورت کے بعد آئندہ پانچ سال کے لئے نئی تنظیم کا اعلان کر دیا۔ پروفیسر خورشید احمد، حافظ محمد ادریس کی معذرت قبول، نائب امارت سے فارغ،دو صوبوں میں بھی تبدیلی کا فیصلہ، لیاقت بلوچ،اسد اللہ بھٹو، میاں اسلم، فرید احمد پراچہ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،عبدالغفار عزیز، راشد نسیم،پروفیسر ابراہیم مرکزی نائب امیر مقرر، نئے سیکرٹری جنرل امیر العظیم اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان میں سراج الحق کے ناظم اعلیٰ رہ چکے ہیں، کارکنان نے جماعت اسلامی کی تنظیم میں بنیادی تبدیلیوں کو ٹھنڈی ہوا کا جھونکا قرار دے دیا۔امیر العظیم جماعت اسلامی میں نئی روح پھونک سکتے ہیں، جماعت اسلامی ملک کی نئی سیاسی قوت بننے جا رہی ہے۔ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ(ن) اور اب عمران خان کی ناکامی کے بعد جماعت اسلامی عوامی امنگوں کی ترجمان اور متبادل بنے گی۔ کارکنان جماعت اسلامی خوشی سے نہال، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی تاریخ ساز خدمات پر اُنہیں زبردست خراج تحسین، نئے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے روتے ہوئے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے حلف اُٹھایا۔ لیاقت بلوچ کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے، لیاقت بلوچ کہیں نہیں گئے ہمارے درمیان رہیں گے، اللہ کی توفیق اور مدد سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق مرکزی شوریٰ اور کارکنان جماعت اسلامی کی امیدوں پر پورا اُترنے کے لئے خصوصی دُعا کی درخواست کرتا ہوں، جو ذمہ داری مجھے دی گئی ہے مَیں اِس قابل نہیں، کارکنان کے ساتھ مل کر جماعت اسلامی کی نئی صف بندی کریں گے، نومنتخب سیکرٹری جنرل امیر العظیم کی حلف اٹھانے کے بعد گفتگو۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیر صدارت مرکزی شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے دوسرے روز اہم فیصلے کر لئے گئے۔ جماعت اسلامی کے نومنتخب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تنظیم سازی کے لئے مرکزی شوریٰ سے مشاورت کا عمل مکمل کرنے کے بعد گزشتہ پانچ سال سے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے لیاقت بلوچ کو مرکزی نائب امیر مقرر کرنے کا اعلان کیا اور ان کی جگہ صوبہ پنجاب وسطی کے امیر العظیم کو آئندہ پانچ سال کے لئے نیا سیکرٹری جنرل مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس اور پروفیسر خورشید احمد نے صحت کی خرابی کی وجہ سے مزید ذمہ داری ادا کرنے سے معذرت کر لی، جس پر انہیں فارغ کر دیا گیا اُن کی جگہ امور خارجہ کے سربراہ ممتاز دانشور اور سکالر عبدالغفار عزیز اور کراچی ے سابق امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کو نئے مرکزی نائب امیر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ مرکزی نائب امیر اسعد اللہ بھٹو، فرید پراچہ، میاں اسلم، پروفیسر ابراہیم، راشد نسیم آئندہ پانچ سال بھی مرکزی نائب امیر کی حیثیت سے ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے۔ 2014ءمیں پہلی بار سراج الحق نے امیر منتخب ہونے کے بعد مینارِ پاکستان میں جو تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا پانچ سال بعد اس کی عملی جامعہ پہنایا ہے۔ کارکنانِ جماعت اسلامی سراج الحق کے تبدیلی کے فیصلے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں لگتا ہے سراج الحق نے جمود توڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کارکنان کا کہنا ہے امیر العظیم باصلاحیت ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی بصیرت کے حامل ہیں۔جماعت اسلامی کو ایسے شخص کی ہی ضرورت تھی جو جماعت اسلامی کی تنظیم اور اس کے اداروں کو وقت دے سکے۔ امیر العظیم کے سیکرٹری جنرل بننے کے بعد ان کی جگہ نئے امیر صوبہ وسطی کے لئے بھی مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔ امیر صوبہ جنوبی ڈاکٹر وسیم کی خرابی ¿ صحت کی وجہ سے وہاں بھی تبدیلی کی جا رہی ہے،دونوں صوبوں کے ساتھ نئے ڈپٹی سیکرٹری کا اعلان آج ہو گا۔

جماعت اسلامی

مزید :

صفحہ اول -