سرکاری ادارے عوام کی بے لوث خدمت شعار بنائیں ،ڈی سی ڈیرہ

سرکاری ادارے عوام کی بے لوث خدمت شعار بنائیں ،ڈی سی ڈیرہ

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ سرکاری ادارے لوگوں کو حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات کی فراہمی میں تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور کسی طرح کی تساہل اور غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔ تمام اداروں کے سربراہان عوام کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال ڈیرہ میں عوامی مسائل کے تناظر میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ضلع ناظم عزیز اﷲ علیزئی کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر ز، تحصیل ناظمین جبکہ محکمہ مال ، صحت، تعلیم، پولیس، بلدیات، واسا، لائیوسٹاک، خوراک، لیبر، ٹی ایم اے سمیت دیگر محکموں کے افسران و نمائندے بھی موجود تھے۔کھلی کچہری میں انجمن تاجران، ذرائع ابلاغ، عمائدین علاقہ کے علاو ہ لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران لوگوں نے شکایات اور مسائل کے انبار لگا دیے اور کہا کہ سرکاری محکمے اپنے فرائض اس تندہی اور جانفشانی سے ادا نہیں کر رہے جس کی توقع کی جاتی ہے محکمہ مال میں اندھیر نگری اور چوپٹ راج ہے پٹواری تمام ریکارڈ پر قبضہ کیے بیٹھے ہیں اسی طرح تاجر برادری کو پروفیشنل ٹیکس سمیت دیگر بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔ پیسکو نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے نا جائز جرمانوںاور مرمت کے نام پر بجلی کی مسلسل بندش سے عوام عاجز آ چکے ہیں۔گلیوں بازاروں میں نالیوں کی صفائی کی حالت ابتر ہے۔ شفاف پانی کے پلانٹس کی بجلی بندش کی وجہ سے صاف پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔اسی طرح پٹرول مقررہ نرخوں سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے۔ سبزی و پھل فروشوں نے خودساختہ مہنگائی کا بازار گرم کر رکھاہے۔ اسی طرح چنگ چی رکشوں کی بھرمار سے ماحول کی آلودگی سمیت ٹریفک کے سنگین مسائل درپیش ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد لوگوں کے مسائل کا سد باب کرنا ہے۔انہوں نے اس موقع پر شہر کی صفائی ستھرائی کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور صاف پانی کیلئے واٹر پلانٹس پر بجلی کی فراہمی کیلئے پیسکو حکام کے ساتھ معاملات حل کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے پیسکو حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے اوقات کار کیلئے مربوط شیڈول مرتب کیا جائے۔انہوں نے شہر سے بیماریوں کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ٹی ایم اے کو سپرے کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے تاجران کو ہدایت کی کہ ماہ صیام کے تقدس کے پیش نظر اشیاءخورد و نوش کی ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریںاشیاءکی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات ٹریفک میں رکاوٹ کی وجہ بنتے ہیںجن کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کاروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ اپنے فرائض سے غفلت ہرگز اختیار نہ کریں تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے لوگوں تک اپنی خدمات پہنچانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -