سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد رمیز راجہ ایک بار پھر میدان میں آگئے، کھلا پیغام دے دیا

سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد رمیز راجہ ایک بار پھر میدان میں آگئے، کھلا پیغام ...
سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد رمیز راجہ ایک بار پھر میدان میں آگئے، کھلا پیغام دے دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آئی سی سی کمنٹیٹر رمیز راجہ نے واضح کیا ہے کہ بطور شہری وہ اپنا نقطہ نظر بیان کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

رمیز راجہ نے اپنے ایک بیان میں ان لوگوں اور ٹی وی چینلز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جو عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے بڑھتی مہنگائی پر رونے والے عوام کو بھی پیغام دیا تھا کہ وہ 10 سال تک غلط لوگوں کو منتخب کرتے رہے ہیں اس لیے وہ اسی چیز کے مستحق ہیں۔

رمیز راجہ کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا تھا۔ بعض لوگوں نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ سخت الفاظ کا استعمال کرکے سیاسی بیان دینے والے رمیز راجہ پر ورلڈ کپ میچز میں کمنٹری کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد آئی سی سی کمنٹیٹر نے ایک اور پیغام میں واضح کیا ہے کہ وہ بطور شہری ہر چیز کے بارے میں اپنا نقطہ نظر رکھ سکتے ہیں اور اس میں سیاست بھی شامل ہے۔ ’ عالمی سطح پر 22 سال کے تجربے کی وجہ سے میں ٹی وی چینلز اور ان کے پروگراموں پر تبصرہ بھی کرسکتا ہوں، زیادہ تر سیاسی شوز منفی باتوں پر مبنی ہوتے ہیں جن کا اپنا ایک ایجنڈا ہوتا ہے ، ٹی وی پروگراموں میں ادارتی پالیسی اور سیاسی سمجھ بوجھ کا فقدان ہوتا ہے‘۔

مزید :

کھیل -