پاکستان بلیئرڈ اینڈسنوکر ایسوسی ایشن اور سپورٹس بورڈآمنے سامنے آگئے 

پاکستان بلیئرڈ اینڈسنوکر ایسوسی ایشن اور سپورٹس بورڈآمنے سامنے آگئے 

  

 اسلام آباد (این این آئی)پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن(پی بی ایس اے) اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) آمنے سامنے آگئے۔پی بی ایس اے کے صدر عالمگیر شیخ نے کہاکہ پی ایس بی کا دوہرا معیار قابل افسوس ہے، پاکستان اسپورٹس دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو تو انعامات دے رہا ہے لیکن اسنوکر کیلئے اْس کے پاس پیسے ختم ہوجاتے ہیں۔محمد آصف نے دوسری بار عالمی ٹائٹل جیتا لیکن چمپئن کھلاڑی کو اب تک ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا۔عالمگیر شیخ نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں میڈل جیتنے والوں کو کیش ایوارڈ دیا جارہا ہے مگر اسنوکر کے کھلاڑیوں کو کچھ نہیں ملا۔عالمگیر شیخ نے کہا کہ بین الصوبائی رابطہ کی وزیر فہمیدہ مرزا اسنوکر کے کھلاڑیوں کا بھی خیال کریں۔دوسری جانب دوسری بار عالمی ٹائٹل جیتنے والے چمپئن کھلاڑی محمد آصف نے کہاکہ میں  نے 2012اور 2019میں چمپئن شپ جیتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ایک دور وز قبل وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے سیف گیمز میں پرفارمنس کر نے والے کھلاڑیو ں کو انعامات کی شکل میں پیسے دیئے ہیں جو اچھی بات ہے اور ایسا ہونا بھی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کر نے کیلئے یہ ضروری چیز ہے انہوں نے کہاکہ جب جیت کر میں آیا تھا تو وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کے پاس بھی گیا تھا،انہوں نے کہاکہ میں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی کوشش کی تھی لیکن نہیں ہوسکی۔انہوں نے کہاکہ چھ ماہ پہلے جیت کے آیا تھا ابھی تک مجھے کوئی انعامی رقم نہیں دی گئی اور نہ ہی کوئی ایوارڈ نہیں دیا گیا جیسے دوسرے کھلاڑیوں کو ایوارڈ دیا گیا مجھے بھی دیا جائے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -