کرونا سے نجات کیلئے قوم کومتحد رہنا ہو گا،لیاقت بلوچ

کرونا سے نجات کیلئے قوم کومتحد رہنا ہو گا،لیاقت بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کرونا وبا سے نجات اور کامیاب حکمت عملی کے لیے پوری قوم کو متحد رہنا ہوگا۔ حکومت اور اپوزیشن سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے متحد ہوں، یہ کام وزیراعظم عمران خان کی ذمہ داری ہے۔ جماعت اسلامی و الخدمت فاؤنڈیشن کورنا، لاک ڈاؤن متاثرین کی مدد جاری رکھیں گی۔ مساجد میں باجماعت نمازوں اور تراویح کے لیے علماء اور حکومت کے مشترکہ اعلامیہ پر عمل ہو رہاہے۔ علما، حفاظ، مساجد منتظمین اور نمازی ڈسپلن اور معاہدہ کی پاسداری کا دینی فرض اداکریں گے۔ حفاظتی کٹس ناکافی اور غیر معیاری ہیں اس وجہ سے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف متاثر ہو رہا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے معذرت کے اظہار سے بڑے پن کا مظاہرہ کیاہے۔ ماضی میں علماء و اکابرین اقتدار کے کوری ڈورز میں جانے سے اسی لیے پرہیز کرتے تھے کہ حکمرانوں کی حمایت اور مخالفت جذباتی ہوتی ہے اس کے چھینٹے صاف دامن کو آلودہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کے لیے عامۃ الناس پر توجہ وقت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان میں گرانفروشی عروج پر ہے جبکہ کرونا وبا، لاک ڈاؤن متاثرین، سفید پوش طبقہ کے لحاظ کے لیے تاجران از خود اقدام کریں اور مہنگائی نہ بڑھنے دیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں سنگ دلی و انسانیت سوز مظالم کی انتہا کر رہاہے۔ کورونا وبا کی آڑ میں ہندوانتہا پسند وں و ہندو دہشتگردوں کو مسلمانوں کے خلاف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پورے بھارت میں کھلا لائسنس دے رکھاہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کرونا وبا کے عالمی حالات میں بھارت کو مسلمانوں کے خلاف ظلم و جبر سے روکے اور امریکہ ایران کے خلاف انسانیت کش اقدامات بند کرے۔ لیاقت بلوچ نے کرونا سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر جاوید اقبال کی شہادت پر افسوس کااظہار اور دعائے مغفرت کی ہے۔ انہوں نے مرحوم کے پسماندگان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے۔