گرانفروشی سے عوام کا استحصال نہیں ہونے دینگے، مسرت جمشید چیمہ

  گرانفروشی سے عوام کا استحصال نہیں ہونے دینگے، مسرت جمشید چیمہ

  

لاہور(پ ر)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کسی کو بھی گراں فروشی کی ذریعے عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،وزیر اعلی عثمان بزدار نے ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ گراں فروشوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں،کرپٹ لیگیوں نے چور مچائے شور کافارمولہ کیوں اپنایا قوم اچھی طرح جانتی ہے،شہباز شریف آنکھوں میں دھول جھونکنے سے گریز کریں کیونکہ ان کا بھی کچا چھٹہ کھلے گا۔ اپنے بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ صوبے میں اشیائے خوردونوش کی کوئی قلت نہیں، روز مرہ ضرورت کی اشیاء، پھلوں اور سبزیوں کی طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کی گئی تھی جس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں کو گراں فروشی کی روک تھام کیلئے سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں، عوام سے بھی اپیل ہے کہ دکانداروں کو سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد ہرگز ادائیگی نہ کریں اور ایسے دکانداروں کے خلاف شکایات درج کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خور کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کی اصل جگہ سلاخوں کے پیچھے ہے،رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے،اشیا ء کی سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں شفافیت کی روایت کو پروان چڑھایا گیا ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کے ترجمانوں کا شریف خاندان کی خوشنودی کیلئے میں نہ مانوں کا بیانیہ ان کی مجبوری ہے۔انہوں نے کہا کہ جس جس نے بھی گاجریں کھائی ہیں ان کے پیٹ میں درد ہوگا اور وہ سب کو نظر آرہا ہے،کرپٹ لیگیوں نے چور مچائے شور کافارمولہ کیوں اپنایا قوم اچھی طرح جانتی ہے،عوام اب با شعور ہو چکے ہیں ان کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو اندھیر نگری مچائی گئی اس کی سچائی بھی قوم کے سامنے آئے گی،شاہد خاقان دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرنے سے پہلے اپنی کرپشن کا تو حساب دیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -