ننکانہ صاحب،پی ٹی آئی کارکن کے گھر پر فائرنگ،بیوی اور ساس سمیت 3افراد قتل

  ننکانہ صاحب،پی ٹی آئی کارکن کے گھر پر فائرنگ،بیوی اور ساس سمیت 3افراد قتل

  

ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی)وسط شہر ہاؤسنگ کالونی ننکانہ صاحب میں دن دیہاڑے نامعلوم افراد نے فائرنگ کر ماں بیٹی سمیت تین افراد کو قتل کردیا، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، ڈی پی او ننکانہ صاحب اسماعیل الرحمن کھاڑک ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ سمیت پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے، تفتیش کا عمل جاری۔ مبینہ طور پر ہاؤسنگ کالونی ننکانہ صاحب میں واقع باوایں والی گلی میں دن دیہاڑے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ماں بیٹی سمیت دیگر افراد کو قتل کردیا اور باآسانی فرار ہوگئے ذرائع کے مطابق باوایں والی گلی میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن باوا ملازم حسین کی بیوی اور ساس گھر میں موجود تھیں کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا اور جاتے ہوئے دروازے پر موجود ملازم کو بھی فائرکرکے موت کے گھاٹ اتار دیا جاں بحق ہونے والوں میں عنصر بی بی، معراج بی بی اور قیصر شامل ہیں۔ ریسکیو1122کے عملہ نے موقعہ پر پہنچ کر ڈیڈ باڈیز پر ڈیٹ شیڈ ڈال کر نعشیں پولیس کے حوالے کردیں۔اس موقعہ پر ڈی پی او ننکانہ صاحب اسماعیل الرحمن کھاڑک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم موقعہ پر پہنچے تو دو خواتین سمیت تین افراد کا قتل ہوچکاتھا، کرائم سین اور فرانزک ٹیم پہنچ گئی ہے جو شواہد اکٹھے کر رہے ہیں شعبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان کے کسی قریبی رشتہ دار نے انہیں قتل کیا ہے ہم تمام شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور بہت جلد قاتل کو گرفتار کر لیا جائے گا جبکہ دوسری طرف شہر کے مصروف ترین علاقہ میں دن دیہاڑے قتل کی واردات اور ملزمان کے با آسانی فرار ہونے سے شہریوں میں شدید خوف و حراس پایا جا رہا ہے، شہریوں نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او ننکانہ صاحب سے عوام کو جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے سمیت ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -