مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی نازک،خطہ شدید بحران کا شکار ہو سکتا ہے:علی امین گنڈا پور

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی نازک،خطہ شدید بحران کا شکار ہو سکتا ہے:علی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے گھر گھر تلاشی کی آڑ میں نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بلا روک و ٹوک جاری ہے، کرفیو نے کشمیریوں کی زندگیوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے،زمینی حقائق اور حالات کو چھپانے کے لیے غیر جانبدار عالمی اداروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا داخلہ بند ہے۔ کشمیری صحافیوں کو بھی مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے،لب کشائی پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ظلم و تشدد اور بھارتی مسلمانوں کو مسلسل نفرت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارت کے یہ ہندو انتہا پسند اقدامات پوری دنیا پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ بھارت کے ذی شعور دانشور آر ایس ایس سے متاثرہ بی جے پی حکومت کے ہندتوا ایجنڈے سے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بین الاقوامی برادری بھارتی انتہا پسند اقدامات کا فوری نوٹس لے، اگر بھارت کے خلاف بر وقت اقدامات نہ اٹھائے گئے تو خطے کے حالات سنگین تر ہو جائیں گے اور جنوبی ایشیاء سیکورٹی کے حوالے سے ایک شدید بحران کا شکار ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں اور ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی صورت میں خطے میں بدامنی کی فضا قائم کیے ہوئے ہے جو کسی بھی ناخوشگوار سانحے کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔
علی امین گنڈا پور

مزید :

صفحہ آخر -