شہباز شریف کیخلاف بیانات سے حکومت کی کرپشن نہیں چھپ سکتی:مریم اورنگزیب
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف بیانات سے حکومت کی کرپشن نہیں چھپ سکتی۔آٹا چینی چور رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر شہبازشریف کے خلاف شور مچارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کی ایمانداری کی چادر میں سے عوام کا چوری شدہ آٹا اور چینی برآمد ہوئی، اس لئے شور ہورہا ہے۔ کرونا روکنے، عوام کو ریلیف پہنچانے میں کرپٹ نالائق حکومت مکمل فیل ہوچکی ہے غریبوں کے ماسک، دوائی پر مال بنانے والے پکڑے گئے ہیں،غریب، مزدور ریلیف، راشن اور امداد کے منتظر ہیں اور کرپٹ نالائق ٹولہ شہبازشریف کے غم میں مبتلا ہے، انہوں نے کہاکہ آٹا اور چینی چوروں نے ڈاکٹرز کے سر پھاڑے اور شہباز شریف نے اْن کی حفاظتی کٹس مہیا کیں۔نواز شریف اور شہباز شریف کو عوام دعائیں اور آٹا چینی چوروں کو بددعائیں دے رہے ہیں،کنفیوژڈ، کرپٹ، نالائق اور نااہل وزیراعظم نے عوام کو کنفیوز کر رکھا ہے۔وزیراعظم، وزراء اور حکومتی ترجمانوں کو کرونا کے مریضوں کی فکر نہیں ان کی ترجیح صرف شہباز شریف ہیں۔
مریم اورنگزیب