بارشوں،سیلاب سے تباہی،کانگوں میں پاک فوج کے امن دستوں نے ہزاروں افراد کو بچا لیا
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کانگو میں پاکستانی امن مشن دستوں نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے سیلاب میں پھنسے دو ہزار افراد کو ریسکیو کر لیا ہے۔ اویریا کے علاقے میں شدید بارشوں کے باعث 75 ہزار افراد متاثر ہوئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے کی گئیں ٹویٹس کے مطابق پاک فوج اقوام متحدہ امن مشنز کے تحت غیرممالک میں امدادی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش ہے۔کانگو میں پاکستانی امن دستوں نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سیلاب میں گھرے ہزاروں افراد کی جانیں بچا لیں۔ افریقی ملک کے دور افتادہ علاقوں میں پھنسے دو ہزار افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔کانگو میں ایک ہفتے سے جاری شدید بارشوں کے بعدآنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی جس سے ہزاروں مکانات تباہ جبکہ 75 ہزار سے زائد افراد شدید متاثر ہوئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستانی امن دستے متاثرہ علاقوں میں موقع پر پہنچے، سیلابی ریلا روکنے کیلئے پتھروں سے بند بنایا، دور دراز علاقوں میں متاثرین کو ریسکیو کرنے کے ساتھ ساتھ طبی امداد اور راشن بھی فراہم کیا۔پاکستانی امن دستے کی خدمات کی اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام نے بھی تعریف کی جبکہ مقامی افراد نے بھی ان کوششوں کو بے حد سراہا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے 4 ہزار سے زائد اہلکار امن دستوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ فرائض کی ادائیگی کے دوران 157 اہلکار شہادت کا رتبہ بھی پا چکے ہیں۔
کانگو بارش