شہباز شریف وزیر اعظم بننے کی خوش فہمی سے نکل آئیں،ابھی مزید کیسز کھلنے ہیں:فیاض الحسن چوہان

  شہباز شریف وزیر اعظم بننے کی خوش فہمی سے نکل آئیں،ابھی مزید کیسز کھلنے ...

  

لاہور(این این آئی،آئی این پی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ شہباز شریف کو لیپ ٹاپ استعمال کرنا نہیں آتا، کسی خوش فہمی میں نہ رہیں کہ کوئی درمیانی راستہ نکال کر وزیر اعظم بن جائیں گے، انہوں نے اتنی لوٹ مار کی ہے اور مشکل حالات میں عوام کے لئے تین،چار ارب دے دیتے اس کا حساب نہیں مانگا جانا تھا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جب سے لندن سے واپس آئے ہیں منفی سیاست کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں عوام کی خدمت کرنے واپس پاکستان جارہا ہوں لیکن ایک کمرے میں محدود ہیں، ایسا ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی جیسے لاک ڈاؤن کے معاملے میں حکومت اور اداروں میں اتفاق رائے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف وزیراعظم بننے کی خوش فہمی سے نکل آئیں، شہبازشریف عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کرکے کوئی درمیانی راستہ بنانے کی غلط فہمی میں نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آل شریف جانتی ہے کہ یہ پھنسے ہوئے ہیں اورابھی مزید کیسزکھلنے ہیں،انہوں نے ملک کو اتنا لوٹا ہے توکرونا سے ریلیف کے لئے عوام کو تین، چار ارب دیدیتے اس کا حساب نہیں مانگاجاناتھا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف لیپ ٹاپ لیڈربنے ہیں لیکن چلانا نہیں آتا اور میں یہ دعوے سے کہتا ہوں،حفاظتی کٹس کے نام پر انہوں نے صرف صابن،سینیٹائزراورماسک دئیے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب توبالکل ہی خاموش ہیں،کوئی جانتاہے کہ وہ کہاں ہیں۔آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا وزیرِاعلیٰ پنجاب نے لاک ڈاؤن میں غریب عوام کی سہولت کو مدِنظر رکھا ہے،یہی وجہ ہے کہ گلی محلوں میں پھیری لگانے والے پھل و سبزی فروش اور ریڑھی بان لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں ہر طبقہ اور کاروبار کو عوامی ضرورت کے مطابق کھولنے کی اجازت دی گئی ہے،بیکریز، کریانہ سٹور، ڈیپارٹمنٹل سٹور، سپر مارکیٹس صبح نو سے شام پانچ بجے تک کھلی ہیں جبکہ بیج، کھاد، فرٹیلائزرز اور آٹو ورکشاپس بھی صبح نو سے شام پانچ بجے تک کھلی رہیں گی۔فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب بھر میں سپیئر پارٹس، ورکشاپس، پیٹرول پمپس شام آٹھ بجے کے بعد بھی کھلے رہیں گی اسی طرح فارمیسیز، پھل و سبزی کی دکانیں بھی شام آٹھ بجے کے بعد بھی کھلی رہیں گی،ساتھ ہی آٹا چکیوں، پوسٹل سروسز، تمام طبی سہولیات کو بھی شام آٹھ بجے کے بعد کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ رمضان المبارک میں تندوروں اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو بھی شام 8بجے کے بعد کھلا رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عوام کو موجودہ کاروباری اوقاتِ کار کے دوران سماجی دوری کے ضابطوں کا خیال رکھنا چاہئے،کیونکہ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کورونا کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔

فیاض الحسن

مزید :

صفحہ اول -