اقتصادی رابطہ کمیٹی کا صنعتوں کو بجلی،گیس بلز میں آج ریلیف دینے کا امکان

  اقتصادی رابطہ کمیٹی کا صنعتوں کو بجلی،گیس بلز میں آج ریلیف دینے کا امکان

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت صنعتوں کو بجلی، گیس بلوں میں رعایت دے گی۔اج مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہو گا، اور ای سی سی کے اس اجلاس میں صنعتوں کو بلوں کی مد میں ریلیف ملنے کا امکان ہے، صنعتوں کو بجلی و گیس بلوں میں رعایت وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت دی جائے گی، جب کہ وزارت صنعت و پیداوار کا چھوٹا کاروبار امدادی پیکج ایجنڈے میں شامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی کے اجلاس میں چھوٹا کاروبار امدادی پیکج کی منظوری دی جائے گی اور چھوٹا کاروبا امدادی پیکج سے لاکھوں کاروبار فائدہ اٹھائیں گے۔دریں اثنا اقتصادی ماہرین نے ایکسپورٹرز اور بڑے کاروبار کے لیے جی ایس ٹی17 فیصدسے کم کر کے 5 فیصد کرنے کی سفارش کی ہے۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت کورونا ریلیف تھنک ٹینک کا اجلاس ہوا جس میں تھنک ٹینک کے اقتصادی ماہرین نے اپنی سفارشات پیش کیں۔وزارت خزانہ کے مطابق تھنک ٹینک نے اجلاس میں زراعت اور ترقیاتی منصوبوں کی بہتری کے لیے سفارشات پیش کرنے اور گندم کی جلد خریداری مکمل کرنے کی تجاویز دیں۔تھنک ٹینک کے اقتصادی ماہرین نے تیل کی ہیچنگ سمیت ملکی، غیر ملکی قرضوں کی ری شیڈولنگ کی سفارش کے ساتھ ساتھ قرضوں کی سکروٹنی اور ہاؤسنگ سیکٹر کے لیے قرضوں کاحجم بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی۔ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا تھا کہ اس تجویز پر عمل درآمد سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بحال ہو سکتی ہیں۔اجلاس کے دوران سیکرٹری خزانہ نے ایف بی آر کے محاصل میں کمی کی مشکلات پر بھی بریفنگ دی۔اس موقع پر مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ تھنک ٹینک کی سفارشات کو شارٹ ٹرم، مڈٹرم اور لانگ ٹرم بنیادوں پر دیکھا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان بہت جلد تھنک ٹینک کے خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے 1.4 ارب ڈالرز مل چکے ہیں، کورونا سے نمٹنے کے لیے عالمی ماہرین کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا جائیگا جب کہ امکان ہے کہ جی 20 ممالک پاکستان کے 1.8 ارب ڈالرز کے قرضے مؤخرکر دیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی

مزید :

صفحہ اول -