خلیجی ممالک، ترسیلات زرمیں 5.46 فیصد اضافہ ریکارڈ

  خلیجی ممالک، ترسیلات زرمیں 5.46 فیصد اضافہ ریکارڈ

  

اسلام آباد (اے پی پی) سعودی عرب کے علاوہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 5.46 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2019ء سے لیکرمارچ 2020ء تک کی مدت میں بحرین،قطر، کویت اوراومان میں مقیم پاکستانیوں نے 1.626 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 5.46 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 1.542 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا، مارچ 2020ء میں بحرین،قطر، کویت اوراومان میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرکاحجم 172.97 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا۔

، گزشتہ سال مارچ میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 167.84 ملین ڈالرکازرمبادلہ ارسال کیاتھا۔جاری مالی سال میں کویت میں مقیم پاکستانیوں نے 504 ملین ڈالر، اومان 548.75 اورقطرمیں مقیم پاکستانیوں نے 343 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاہے۔موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے زرمبادلہ بجھوانے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہورہاہے،گزشتہ مالی سال کے دوران سمندرپارپاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک بجھوانے کی شرح میں 9.63 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیاتھا۔

مزید :

کامرس -