حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی‘ احمد کنڈی
پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی احمد کنڈی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اوراشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں شدید اضافے نے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے اپنے ایک بیان میں احمد کنڈی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کو احساس پروگرام کا نام دے کر عوام کیساتھ دھوکہ کیا اور حکومت کو چاہیے تھا کہ بی آئی ایس پی پر کریڈٹ لینے کی بجائے کوئی نیا پروگرام شروع کرتی انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے تو ملک پر مہنگائی کا عذاب مسلط ہوا ہے آٹا اور چینی چوروں کا احتساب بھی نہیں کیا گیا حالانکہ چینی اور آٹے کی چوری کی رپورٹ آنے کی 25 اپریل کی ڈیڈلائن عمران خان نے خود دیا تھا جو گزر گیا تاہم کسی کا بھی احتساب نہ ہو سکا اورایسا لگ رہا ہے عمران خان ہی خود اس عمل میں ملوث ہے اسلئے رپورٹ سامنے نہیں لا رہے، مہنگائی کے حوالے سے احمد کنڈی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آٹا، چینی، دالوں اور سبزیوں سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں جس طرح اضافہ کیا وہ گزشتہ کئی سالوں میں دیکھنے میں نہیں آیا مہنگائی سے عوام انتہائی متاثر ہورہے ہیں وفاقی حکومت اگر کورونا وائرس پر سندھ حکومت کی مشورہ ابتداء میں مان لیتی تو آج اتنا نقصان نہ ہوتا وفاقی اور صوبائی حکومت نے لاک ڈاؤن کو بھی مذاق بنا لیا ہے اور ان کے پاس کوئی منصوبہ بندی ہی نہیں لاک ڈاؤن سے متاثرہ لاکھوں عوام ریلیف سے محروم ہیں اور احساس پروگرام کے نام پر رقم غیر مستحقین میں تقسیم کی گئی، ممبر صوبائی اسمبلی احمد کنڈی نے مزید کہا کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو ریلیف دینے کیلئے ابھی تک صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت اقدامات نہیں کر رہی، جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں انتہائی کم ہو چکی ہے لیکن موجودہ حکومت عوام کو اس سلسلے میں بھی ریلیف نہیں دے رہی انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں مہنگائی پر قابو پایا تھا اس کے علاوہ سرکاری ملازمین سمیت عوام کی فلاح کے لئے کئی منصوبے شروع کیے تھے تاہم موجودہ حکومت پرانے منصوبوں پر کریڈٹ لے رہی ہے جو افسوس کا مقام ہے۔