عباسی ہسپتال کا تیسرا ڈاکٹر کورونا کا شکار، ایمرجنسی فوری بند

  عباسی ہسپتال کا تیسرا ڈاکٹر کورونا کا شکار، ایمرجنسی فوری بند

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)کراچی میں عباسی شہیدہسپتال کے سی ایم او کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا، اسپتال کی ایمرجنسی کو فوری بند کر دیا گیا۔ایمرجنسی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عارف نے اپنے طور پر نجی اسپتال سے کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا، جس کے بعد ان کی رپورٹ پوزیٹو آگئی ہے، جس کے بعد اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ذرائع کے مطابق عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی کے ڈاکٹرز اور تمام اسٹاف کو کورونا وائرس ٹیسٹ کرانے کا کہا جا رہا ہے۔دوسری جانب سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمہ کوثر کے مطابق متعلقہ ڈاکٹر عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی میں ڈیوٹی دے رہا تھا۔ڈاکٹرسلمہ کوثر نے بتایا کہ ایس اوپی کے تحت عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی بند کرکے جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز نے بتایا کہ اسپتال کے شعبہ حادثات کو 24 گھنٹے کے بعد کھولا جائے گا، جبکہ ایمرجنسی میں آنیوالے مریضوں کو متعلقہ وارڈ میں طبی امداد دی جائے گی۔ڈاکٹر سلمہ کوثر نے بتایا کہ کورونا کی وبا کے سبب ابھی تک عباسی شہید اسپتال کے 3 ڈاکٹر متاثر ہوچکے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -