وفاقی و صوبائی حکومتوں کا ریلیف پروگرام کہیں نظر نہیں آ رہا:حافظ نعیم الرحمٰن

وفاقی و صوبائی حکومتوں کا ریلیف پروگرام کہیں نظر نہیں آ رہا:حافظ نعیم ...

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت بہادر آباد میں قائم الخدمت میگا راشن سینٹر سے اتوار کے روز بڑی تعداد میں سوزوکیوں پر مشتمل ہزاروں راشن بیگ شہر کے مختلف علاقوں میں تقسیم کے لیے روانہ کیے گئے۔راشن سے بھری سوزوکیاں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی نگرانی میں روانہ کی گئیں،اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر و یوسی چیئرمین جنید مکاتی،ضلع قائدین کے جنرل سکریٹری سلیم عمر، الخدمت کے قاضی صدر الدین، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعا ت زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔میگا سینٹر سے راشن کی فراہمی روزانہ کی جاتی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو ریلیف اور راشن کی تقسیم کے وفاقی وصوبائی حکومتوں کے دعوے اور وعدے پورے نہیں ہوئے،حکومت کا ریلیف پروگرام کہیں نظر نہیں آرہا،لاک ڈاؤن کے باعث عام شہری،تاجراور مختلف طبقات شدید متاثر ہوئے ہیں،حکومت وسائل اور اختیارات کے باوجود مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے،قوم پریشان اور مشکل صورتحال کاشکار ہے لیکن سندھ اور وفاقی حکومت کی آپس میں چپقلشیں ہورہی ہیں۔ حکمران صرف پوائنٹ اسکورنگ کر کے عوام کوبے وقوف بنارہے ہیں۔ حکمران اگر ہر گھر میں راشن اور چیک دے دیتے تو عوام بہت خوش ہوتے پھرخواہ کرفیوہی کیوں نا لگادیا جاتا،لاک ڈاؤن کے باعث بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے، مختلف اداروں اور فیکٹریوں سے مزدوروں اور ملازمین کو نکالا جارہا ہے،تنخواہیں روکی جارہی ہیں، حالات نے سفید پوش اور متوسط طبقے کو بھی ضرورت مند بنادیا ہے،جماعت اسلامی اور الخدمت اپنے وسائل اور اہل خیر کے تعاون سے ضرورت مندوں اور مستحقین کی مدد کے لیے کوشاں ہیں،بہادر آباد میگا راشن سینٹر سمیت شہر میں بڑی تعداد میں الخدمت کے ریلیف سینٹر قائم ہیں اور لوگوں کی مدد کی جارہی ہے۔ الخدمت کا فیومگیشن پروجیکٹ بھی سرگرم عمل ہے،سینکڑوں مقامات پر اسپرے کیا جاچکا ہے، جن میں مساجد، مند ر اور گرجا گھربھی شا مل ہیں۔الخدمت نے شہر کے بڑے اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے حفاظتی سامان مہیا کیا ہے،سستی روٹی پروجیکٹ کے تحت شہر میں متعدد مقامات پر تندور کام کررہے ہیں،پھل اور سبزیاں بھی دی جارہی ہیں،آنے والے دنوں میں چکن اور گائے کے تازہ گوشت کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔وبائی صورتحال کے باوجود جماعت اسلامی اور الخدمت کے ہزاروں رضاکار خدمت کے کاموں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم مل مالکان سے اپیل کرتے ہیں وہ موجودہ کٹھن حالات میں اپنے ملازمین اورمزدوروں کی سرپرستی کریں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ رمضان کا بابرکت مہینہ ہے، مخیر حضرات مستحق اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے تعاون کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حالات میں کم آمدنی والوں کے بجلی اور گیس بلوں کو معاف کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ مساجد میں نمازوں کے لیے مشاورت سے ایس او پیز تیار کیے گئے تھے اور ان پر عملدرآمد بھی ہورہاہے لیکن اس کے باوجود بعض عناصر اسے متنازع بناکر کنفیوژن پیدا کررہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -