کورونا مزید 15پاکستانیوں کی جانیں لے گیا،24گھنٹوں میں 2500امریکی ہلاک،سندھ میں رمضان المبارک کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی

کورونا مزید 15پاکستانیوں کی جانیں لے گیا،24گھنٹوں میں 2500امریکی ہلاک،سندھ میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ،لاہور (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیان، مانیترنگ دیسک)پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی اور اب تک 281 افراد انتقال کرچکے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 866 تک پہنچ گئی۔ملک میں 26 فروری کو پہلے کیسز کے بعد سے 25 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی تاہم اس کے بعد سے آج 26 اپریل تک نہ صرف ساڑھے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے بلکہ اسی عرصے میں تقریباً 200 سے زائد اموات بھی ہوئیں۔اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک میں حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہیں تاہم اس کے باوجود وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اتوار کے روز ملک میں کورونا سے مزید 15 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد، ہلاکتیں 281 اور مریضوں کی تعداد 13328 ہوگئی خیبرپختونخوا میں 5، پنجاب میں 3،سندھ میں 4 جبکہ تین ہلاکتیں بلوچستان میں ہوئیں، ا اتوار کے روز 521 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 98 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ پنجاب اور سندھ میں 81، 81، بلوچستان میں 13، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔اتوار کے روز اب تک 15 اموات اور 521 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے خیبرپختونخوا میں 71 کیسز اور 5 اموات، سندھ میں 383 کیسز اور ۴ہلاکتیں جبکہ پنجاب میں 52 کیسز اور 3 امواتپورٹ ہوچکی ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں بھی 60 نئے کیسز اورتین ہلاکتیں ہلاکت جبکہ اسلام آد میں 12 نئے کیسز، گلگت بلتستان میں 10 اور آزاد کشمیر میں 4 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ دریں اثنا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بندش میں مزید توسیع کردی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق توسیع 15 مئی کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک کیلئے کی گئی ہے۔ ترجمان وزارت ہوابازی کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کے ائیرپورٹس سے بین الاقومی فضائی آپریشن کی بندش میں مزید 15 مئی تک توسیع کردی گئی ہے مگر اس دوران خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاروں اور کارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہوگی۔رونا وائرس سے بچاؤ کراچی سمیت سندھ میں 35ویں روزاتوارکوبھی لاک ڈاؤن رہا تاہم رمضان المبارک کے احترام میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے۔کراچی سمیت سندھ بھی میں 35ویں روزبھی لاک ڈاؤن رہا، رمضان المبارک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے، ناکوں پر مامور پولیس اہلکاروں کو روزے کے باعث سائے میں کھڑا ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔اہلکار روزے کی حالت میں مرحلہ وار ناکے پر فرائض انجام دے رہے ہیں، صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔34 ویں روز لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے پر 203 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 52 مقدمات درج کیے گئے۔پولیس کے مطابق گزشتہ 34 ایام میں صوبے میں گرفتار ملزمان کی تعداد 9 ہزار262 ہوگئی ہے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر درج ہونے والے مقدمات کی تعداد 2 ہزار892 تک جا پہنچی ہے۔لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر 34 روز کے دوران شہر میں ایک ہزار 794 مقدمات درج، 5 ہزار 131 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی طرف سے گزشتہ روز لاک ڈاؤن میں اچانک سختی کر دی گئی، اس حوالے سے سی ٹی او لاہور کا کہنا تھاکہ چھٹی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد غیر ضروری طور پر گھروں سے نکل آئی جس سے کورونا وائرس کا پھیلنے کا خدشہ تھا، شہریوں کے غیر ذمہ دارانہ رویوں کیوجہ سے لاک ڈاؤن کو سخت کرتے ہوئے شہر بھر میں ناکہ بندی کرنا پڑی، ان کا کہنا تھا کہ جزوی لاک ڈاون کی خلاف ورزیوں پر 01 لاکھ 51 ہزار 228 وہیکلز کیخلاف کارروائی کی گئی، جزوی لاک ڈاؤن کے دوران 24 ہزار 930 رکشہ ڈرائیورز اور موٹر سائیکلسٹ سے روڈ پر نہ آنے کی انڈر ٹیکنگ لی گئی، 09 ہزار 14 وہیکلز کو شہر کے تھانوں میں بند اور 04 ہزار 995 گاڑیوں کو چھوڑ دیا گیا،ایک کار میں دو سے زائد سفر۔کرنے پر 14 ہزار 847 کاروں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے، پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف 31 مقدمات درج کروائے گئے، سید حماد عابد نے کہا کہ جزوی لاک ڈاؤن کے دوران 110 بسوں، 776 ویگنوں اور 2883 فلائنگ کوچز کیخلاف کارروائی کی گئی، ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر 01 لاکھ 24 ہزار 149 موٹرسائیکلوں کیخلاف کارروائی کی گئی،جزوی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 472 آن لائن ٹیکسی سروسز کیخلاف بھی کارروائی کی گئی، غیر ضروری طور پر نکلنے والے 02 لاکھ 60 ہزار سے زائد شہریوں کو ایجوکیٹ کرتے ہوئے وارننگ دی گئی، علاوہ ازیں سی ٹی او لاہور نے جزوی لاک ڈاؤن کے اقدامات اور ڈبل سواری کا جائزہ لینے کیلئے وزٹ لینے کیلئے ٹریفک لاری اڈا، راوی روڈ، شاہدرہ، لوئر مال کا جائزہ لیا، انہوں نے سیکٹر اور سرکل لیول پر لگائے گئے ناکہ جات کا دورہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی نقل وحرکت کو زیادہ سے زیادہ محدود کیا جائے، جزوی لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوا، خلاف ورزی پر کارروائی جاری رہے گی، سختی کرنے کا مقصد شہریوں کی نقل وحرکت کو محدود کرنا ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سماجی فاصلوں کو کم سے کم کیا جائے، انہوں نے شہریوں سے ایپل کی کہ وہ کورونا وباء کے پیش نظر شہری حکومتی احکامات کی پاسداری کو یقینی بنائیں، شہریوں کو خود سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
لاک ڈاؤن

واشنگٹن،بیجنگ، لندن، ریاض، برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)دنیا بھر میں نوول کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ غیرملکی خبرررساں ادارے کے مطابق جونز ہاپکنز یونیورسٹی نے بتایاکہ کورونا سے دنیا بھر میں اب تک 2 لاکھ 33 ہزار 9 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 2500 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 54 ہزار 265 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد بھی 9 لاکھ 60 ہزار 896 ہو گئی ہے۔ ماہ مبارک رمضان کی آمد ہوتے ہی سعودی عرب کے شاہ سلمان نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سوا تمام علاقوں میں جزوی طور پر کرفیو اٹھانے کا حکم دیدیا، اس کے علاوہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے باجماعت نمازوں پر پابندی عائد ہے جبکہ تراویح کو بھی 10 رکعت تک محدود کیا گیا۔میکسیکو اور سنگاپور میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کسیز کی تعداد میں ہوشربا اضافہ سامنے آیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔میکسیکو میں اچانک 970 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 14 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 84 مریضوں کے انتقال کے بعد مجموعی تعداد 1 ہزار 305 ہو گئی ہے۔سنگاپور میں بھی 24 گھنٹوں کے دوران نئے 931 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے مریضوں کی تعداد 13 ہزار 624 ہو گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 12 ہے۔اسی طرح بھارت اور برازیل میں بھی کورونا کسیز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔بھارت میں 213 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 26 ہزار 496 ہو گئی ہے جبکہ 43 نئی اموات کے بعد تعداد 825 ہو گئی ہے۔برازیل میں 128 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 59 ہزار 324 ہو گئی ہے جبکہ 4 ہزار سے زائد مریض موت کی نیند سو چکے ہیں۔دوسری جانب چین میں گزشتہ 10 روز کے دوران کورونا کے باعث ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 632 ہی ہے۔چین کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے زیادہ تر امپورٹڈ سامنے آ رہے ہیں جس کے باعث ساری توجہ روس سے واپس آنے والے چینی شہریوں پر مرکوز کر دی گئی ہے۔اٹلی میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ سپین میں یہ تعداد 22 ہزار 902 اور فرانس میں 22 ہزار 614 ہے۔برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 20 ہزار 319 ہو گئی ہے جبکہ جرمنی میں مزید ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار877 تک پہنچ گئی ہے۔دنیا بھر میں عالمگیر وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 29 لاکھ 23 ہزار 342 ہو گئی ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 3 ہزار 309 تک پہنچ گئی ہے، 8 لاکھ 37ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
عالمی ہلاکتیں

مزید :

صفحہ اول -