سعودی حکومت اور عوام ہمارے دل کے قریب ہیں: بانی بزمِ بزرگانِ ریاض ڈاکٹر سعید احمد وینس
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں بزمِ بزرگانِ ریاض کی جانب سے ہفتہ وار آن لائن بیٹھک میں سعودی عرب اور پاکستان کی بے مثال دوستی اور موجودہ حالات میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعاون کے بارے میں گفتگو کی گئی. بزمِ بزرگانِ ریاض کے بانی ڈاکٹر سعید احمد وینس کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کا سچا اور مخلص دوست ہے، ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں جس کی بدولت ہم سعودی حکومت اور عوام کو اپنے دل کے قریب سمجھتے ہیں، سعودی عرب نے جس انداز کے ساتھ یہاں پر پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کا کورونا وائرس کے حوالے سے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اس سے سعودی عرب نے اپنی انسانیت دوست مثال قائم کی ہے اور اپنا فرض نبھانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی.
ڈاکٹر سعید وینس کا مزید کہنا تھا کہ جہاں غیر ملکی مشکلات کا شکار ہیں وہیں پر سعودی شہری بھی مشکلات کا شکار ہیں، ہماری دعا ہے کہ کورونا وائرس کا جلد از جلد خاتمہ ہو اور ایک بار پھر سے زندگی رواں دواں ہوجائے. بزمِ بزرگانِ ریاض کے چیئرمین قاضی اسحاق میمن سمیت دیگر عہدیداروں میں سرور انقلابی، ڈاکٹر ریاض چوہدری، وقار نسیم وامق، ڈاکٹر طارق عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سعودی عرب کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کی جانے والی تمام کوششوں اور اپنائی جانے والی تمام احتیاطی تدابیر کو مناسب سمجھتے ہیں اور جس طرح پاکستانی کیمونٹی نے سعودی قوانین کی پاسداری کی ہے اس کو بھی ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور جس طرح سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے امدادی فنڈ سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ گھرانوں میں کروڑوں روپے کا راشن بھیجا ہے اور رمضان المبارک میں متوسط طبقے کے لئے کھجوروں کا تحفہ بھیجا ہے اس پر پوری پاکستانی کیمونٹی سعودی حکومت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہے.
شرکائے گفتگو کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے سعودی عرب نے میڈیکل کا امدادی سامان بھیجا ہے اور اسلامی تعاون تنظیم کے ذریعے جس بہتر انداز کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جا رہی ہے اس کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، اور سعودی عرب کی جانب سے دنیا بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کروڑوں ڈالرز کی امداد بھی اس مہلک مرض کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گی. بزمِ بزرگانِ ریاض کی آن لائن بیٹھک میں پاک میڈیا فورم کے صدر ذکاءاللہ محسن، چوہدری اسلم، ملک احمد، سیٹھ عابد، عقیل قریشی، آر جے فواد، بابر علی ،چوہدری مطیع اللہ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔