کراچی میں کورونا وائرس کے خوف سے خودکشی کرنے والے شخص کی ٹیسٹ رپورٹ آگئی، نتیجہ کیا نکلا؟ انتہائی افسوسناک خبرآگئی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی کے جناح ہسپتال میں داخل کورونا وائرس کے مشتبہ مریض نے ٹیسٹ رپورٹ آنے سے پہلے ہی وارڈ کی تیسری منزل سے کود کر خودکشی کرلی تھی تاہم اب مرحوم کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی ہے اورانکشاف ہوا ہے کہ اسے کورونا وائرس تھا ہی نہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ہسپتال کی ایگزیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے تصدیق کردی ہے کہ ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 37 سالہ شخص کو وائرس کی ممکنہ علامات ظاہر ہونے پر اتوار کی شب کراچی کے علاقے لانڈھی سے جناح ہسپتال لایا گیا تھا اور اس کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ وہ مبینہ طور پر منشیات کا بھی عادی تھا۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کے جاری کردہ بیان کے مطابق مریض کو غنودگی کے عالم میں ہسپتال لایا گیا تھا بعدازاں اسے ہوش آگیا تھا، جبکہ مذکورہ شخص کا رویہ بھی معمول سے ہٹ کر تھا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق صدر پولیس کے مطابق لانڈھی کے علاقے قائد آباد کے رہائشی 30 سالہ فواد علی کو چند روز قبل نشہ آئس کا عادی ہونے کی بنا پر ہنگامی حالت کے شعبے میں لایا گیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ مریض کا سینے کا ایکسرے کیا گیا تھا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ مریض ممکنہ طور پر وائرس سے متاثر تھا چنانچہ اسے ہسپتال میں کووِڈ 19 کے مریضوں کے مختص وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض نے اپنے کپڑے اتار کر ہسپتال کی بلڈنگ میں گھومنا شروع کردیا تھا ساتھ ہی عملے کو دھمکی بھی دیں۔
مریض کے قابلِ اعتراص رویے پر اسے تیسری منزل پر بند کردیا گیا تھا جہاں اس نے لوہے کی جالی اور دروازوں کو نقصان بھی پہنچایا اور صبح 6 بج کر 58 منٹ پر کھڑکی سے کود گیا۔
جس کے نتیجے میں اس کے سر پر شدید چوٹ آئی جسے فوری طور پر شعبہ حادثات لے جایا گیا تاہم علاج کے دوران وہ دم توڑ گیا۔