کرکٹ کے میدان آباد کرنے کی منصوبہ بندی شروع، کوالیفائنگ راﺅنڈز نہ ہوئے تو ٹیموں کا انتخاب کیسے ہو گا؟ شائقین کرکٹ کیلئے بالآخر خوشخبری آ گئی

کرکٹ کے میدان آباد کرنے کی منصوبہ بندی شروع، کوالیفائنگ راﺅنڈز نہ ہوئے تو ...
کرکٹ کے میدان آباد کرنے کی منصوبہ بندی شروع، کوالیفائنگ راﺅنڈز نہ ہوئے تو ٹیموں کا انتخاب کیسے ہو گا؟ شائقین کرکٹ کیلئے بالآخر خوشخبری آ گئی

  

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس کے سائے میں کرکٹ کے میدان دوبارہ آباد کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے گائیڈ لائنز کی تیاری کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میڈیکل کمیٹی کھلاڑیوں اور حکام کی صحت کیلئے رہنماءاصول وضع کرے گی جبکہ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ منعقد نہ ہونے کی صورت میں رینکنگ کی بنیاد پر شریک ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میڈیکل کمیٹی محفوظ ماحول میں کھیل کی واپسی کیلئے گائیڈ لائنزتیار کرنے پر کام شروع کرچکی ہے۔ گزشتہ جمعرات منعقد ہونے والی آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی ٹیلی کانفرنس میں میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی کے چیف پیٹر ہارکورٹ کو بھی کورونا وائرس کے اثرات پر روشنی ڈالنے کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ ہارکورٹ نے اس میٹنگ میں بھی کرکٹ کی واپسی کیلئے رہنماءاصولوں کی تیاری پر زور دیا تاہم وائرس کا خطرہ بدستور موجود رہنے کی وجہ سے کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہو گا، گائیڈ لائنز میں پلیئرز کی تیاری سے لے کر حکومتی پابندیوں تک کو مدنظر رکھا جائے گا، اگرچہ ابھی یہ کام ابتدائی مرحلے میں ہے مگر اس میں پلیئرز کے مخصوص وقت تک قرنطینہ میں رہنا بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی کی بات پہلے ہی سامنے آ چکی ہے اور چونکہ ابھی تک وائرس کی ویکسین تیار نہیں ہوئی، اس لئے فی الحال مکمل طور پر احتیاط برتی جائے گی۔ ایک سوال پر آئی سی سی آفیشل نے واضح کیا کہ عام طور پر 2 بورڈز کے درمیان باہمی سیریز کے حوالے سے کسی چیز کو زبردستی نافذ نہیں کیا جاتا، البتہ چونکہ یہ گائیڈ لائنز سب کی بہتری کیلئے ہیں اس لئے انہیں نظر انداز کرنا مشکل ہوگا جبکہ تمام ممبر بورڈز خود بھی اپنے ممالک میں صحت کی صورتحال کے حوالے سے کافی محتاط ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ کو مجموعی طور پر زیادہ نقصان نہیں پہنچا تاہم اگر انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) منسوخ ہوتی تو بی سی سی آئی اور انگلش سیزن متاثر ہونے سے انگلینڈ کو شدید نقصان ہوگا اس لئے ہماری توجہ اپنے ٹورنامنٹس کے شیڈول کے مطابق انعقاد پر مرکوز ہے کیونکہ اس میں سب کا فائدہ ہے، آفیشل نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کسی بھی وجہ سے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کا انعقاد مشکل ہوا تب رینکنگ کی بنیاد پر ہی ایونٹس میں شریک ٹیموں کا انتخاب کرلیا جائے گا۔

مزید :

کھیل -