پی سی بی نے گھروں میں محصور کرکٹرز کو مصروف رکھنے کا حل ڈھونڈ لیا، ”پرانے استاد“ نئے شاگروں کو سکھانے پر معمور، کون سے لیجنڈز کن کھلاڑیوں کو ’سبق‘ پڑھائیں گے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

پی سی بی نے گھروں میں محصور کرکٹرز کو مصروف رکھنے کا حل ڈھونڈ لیا، ”پرانے ...
پی سی بی نے گھروں میں محصور کرکٹرز کو مصروف رکھنے کا حل ڈھونڈ لیا، ”پرانے استاد“ نئے شاگروں کو سکھانے پر معمور، کون سے لیجنڈز کن کھلاڑیوں کو ’سبق‘ پڑھائیں گے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کے باعث گھروں میں محصور کرکٹرز کو مصروف رکھنے کا ایک اور حل ڈھونڈ لیا ہے جس کے تحت کرکٹ کے ”پرانے استاد“ نئے شاگردوں کو گر سکھائیں گے تاکہ کرکٹ دوبارہ بحال ہونے پر بھی سب ایکشن میں نظر آنے کیلئے بھرپور تیار رہیں۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے ان دنوں پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل ہیں اور پاکستانی کرکٹرز گھروں پر ہی ٹریننگ کر کے خود کو متحرک رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، گزشتہ دنوں ان کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ بھی لئے گئے اور اب ماضی کے عظیم کرکٹرز بذریعہ ویڈیو لنک موجودہ کھلاڑیوں کو ٹپس دیں گے، آن لائن سیشنز کے دوران وہ محدود اور طویل طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے کرکٹرز اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو فارغ وقت کا مفید استعمال کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ پی سی بی کے شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز کے تعاون سے ان سیشنز کا انعقاد کررہی ہے جس کا مقصد مستقبل کے بہترین کھلاڑیوں کو ان غیرمعمولی حالات میں کھیل سے جوڑے رکھنا اور عظیم کھلاڑیوں کے علم سے فائدہ حاصل کرنا ہے۔ان سیشنز میں جاوید میانداد، وسیم اکرم، محمد یوسف، یونس خان، معین خان، مشتاق احمد، راشد لطیف اور شعیب اخترموجودہ کرکٹرزکو اپنے تجربات سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ سیشنز مختلف کیٹیگریز میں کئے جائیں گے جس دوران جاوید میانداد، محمد یوسف اور یونس خان 3 مختلف سیشنز میں 21 بیٹسمینوں سے مخاطب ہونگے جبکہ وسیم اکرم اور شعیب اختر 13 فاسٹ باﺅلرز، مشتاق احمد 6 سپنرز جبکہ معین خان اور راشد لطیف 5 وکٹ کیپرز کو آن لائن لیکچرز دینگے۔جاوید میانداد پیر کی دوپہر آن لائن سیشنز کے سلسلے کا آغاز کریں گے، وسیم اکرم منگل کو فاسٹ باﺅلرز کے سیشن سے خطاب کریں گے، اس کے بعد راشد لطیف،معین خان اور مشتاق احمد بدھ و جمعرات کو بالترتیب وکٹ کیپرز اور سپنرز کے سیشنز میں شرکت کریں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہاکہ میں ان تمام معتبر کرکٹرز کا مشکور ہوں جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربات سے آگاہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے،ان کی باتیں موجودہ کرکٹرز کیلئے حوصلہ افزائی کا سبب بنیں گی اور یہ سیشنز بہترین تجربہ ثابت ہوں گے۔ہمیں انگلینڈ سے سیریز کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنی تیاری کرنی ہے، ان عظیم پلیئرزکی اکثریت وہاں پاکستانی کامیابیوں کا حصہ رہی ہے لہٰذا ان کا تجربہ موجودہ کرکٹرز کیلئے سیریز کی تیاری میں مفید ثابت ہوگا۔

مصباح نے کہا کہ آن لائن سیشنز کے موضوعات میں ورک ایتھکس، کھیل تک رسائی، منصوبہ بندی، پریکٹس، دباﺅ کی صورتحال میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا طریقہ اور ہائی پروفائل کھلاڑیوں کی حیثیت سے چیلنجز سے نمٹنا شامل ہے، یہ صرف انہی سابق کرکٹرز تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ہم چند دیگرپلیئرز کی دستیابی کو پیش نظر رکھ کر وسعت بڑھانے کا فیصلہ کرینگے۔

مزید :

کھیل -