بھارت میں الجامع الاشریفہ کی اساتذہ کالونی کی مسماری قابل مذمت،اشرف جلالی
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ کے سربراہ و تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ہندوستان کے شہر مبارک پور میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ”الجامع الاشرفیہ مبارک پور“ کی اساتذہ کالونی کو بھارتی حکومت کی طرف سے بلڈوزرز سے ملیامیٹ کرنے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ”الجامع الاشرفیہ مبارک پور“ اْمت مسلمہ کا عظیم مرکز ہے۔ عظیم اسلامی درسگاہ پر بھارتی حکومت کا بلڈوزرز سے حملہ کھلی دہشت گردی ہے۔ طویل عرصہ سے قائم ”الجامع الاشرفیہ“ پر انتہاء پسند مودی حکومت کا حملہ ہندو توا کی سوچ کا تسلسل ہے۔ اس حملے سے بھارت کا سیکولر سٹیٹ کی حیثیت سے کیا جانے والا دعویٰ خاک میں مل گیا ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ آزمائش کی اس گھڑی میں ”الجامع الاشرفیہ“ کی انتظامیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارت میں آئے روز مساجد اور مدارس پر کیے جانے والے حملوں سے بھارت کا مسلمان عدمِ تحفظ کا شکار ہو رہے ہیں۔ حجاب کے مسئلہ پر بھی کئی شہروں میں مسلمانوں پر زمین تنگ کر دی گئی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارت مسلم آبادی کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آ جائے اور مسلمانوں کو تمام شعائر اسلامی پر عمل پیرا ہونے کا آزادانہ ماحول فراہم کیا جائے۔ ”الجامع? الاشرفیہ“ مبارک پور کے نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے نئے سرے سے اساتذہ کالونی کو تعمیر کیا جائے اور اس حملے میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے۔