معاشی انقلاب کیلئے دوررس اقدامات ناگزیر ہیں،الطاف شاہد

   معاشی انقلاب کیلئے دوررس اقدامات ناگزیر ہیں،الطاف شاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


    لاہور(پ ر)  پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا ہے کہ معاشی انقلاب کیلئے دوررس اقدامات ناگزیر ہیں۔عالمی مالیاتی اداروں کی بجائے عام آدمی پرانحصار اوراسے اقتصادی سرگرمیوں میں براہ راست شریک کیاجائے۔ شہریوں کوتجارت اور کاروبار کی طرف راغب جبکہ انہیں ضروری وسائل مہیاکرنے کی اشد ضرورت ہے۔ریاستی نظام کودرست کرنے اور ہجوم کو قوم بنانے کیلئے سیّد مصطفی کمال کے فلسفہ سیاست کی آبیاری ناگزیر ہے۔نام نہادجمہوریت نے ہماری ریاست کومنفی سیاست،تعصبات،بدعنوانی اوربدانتظامی کے سواکچھ نہیں دیا۔ وہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ زیادہ ترسیاستدانوں نے عوام میں نفاق اورتعصبات کابیج بویا وہ انہیں متحد نہیں کرسکتے۔ فوری انتخابات کے انعقاد سے بدعنوانی اوربدانتظامی سمیت کئی بحران دم توڑدیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی جانبدار اورمتنازعہ کردار کو نگران حکومت میں ہرگزنمائندگی نہ دی جائے،کئی دہائیوں سے اقتدارمیں شریک چند خاندان دونوں ہاتھوں سے پاکستانیوں کی محنت کاپیسہ سمیٹ رہے ہیں۔ آئندہ انتخابات کے نتیجہ میں جوحکومت بنے وہ موجودہ حکمران خاندانوں کی بیرون ملک پڑی دولت کی وطن واپسی یقینی بنا ئے۔جہاں احتساب نہیں ہوتاوہاں پھر خونی انقلاب آ تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصرقومی مجرم ہیں اوران میں سے کوئی رحم کامستحق نہیں ہے۔بدعنوان عناصر کومقدس ایوانوں میں ہرگز نہ جانے دیاجائے۔انہوں نے کہا کہ عوام امیدواروں کاپارٹی جھنڈا نہیں بلکہ ان کے ایجنڈا کودیکھتے ہوئے انہیں ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پاکستان میں جمہور نہیں صرف اشرافیہ کوراس آئی۔سرمایہ دار سیاستدان جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک سات دہائیوں میں کئی بار انتخاب ہوا مگرایک منظم سازش کے تحت احتساب نہیں ہونے دیاگیا۔پاکستان کے دوام اورسیاسی ومعاشی استحکام کیلئے پی ایس پی کومینڈیٹ دینے کاوقت آگیا۔