الیکشن کمیشن پر دھاوا بلیک میلنگ، عمران خان کو کرپشن کا حساب دینا ہوگا: احسن اقبال 

الیکشن کمیشن پر دھاوا بلیک میلنگ، عمران خان کو کرپشن کا حساب دینا ہوگا: احسن ...

  

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کرپشن کے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا‘عمران حکومت نے ملک کی ترقی، عوام کی فلاح کیلئے ایک بھی قدم نہیں اٹھایا‘عمران خان نے میڈیا کا گلا گھونٹ کر خاموش کروا دیا تھا‘ اپوزیشن کو پکڑ کر جیلوں میں ڈلوا یا‘یہ کسی ڈکٹیٹرنے بھی نہیں کیا جو کام عمران خان نے کیا‘اقوام عالم کیساتھ پاکستان کے تعلقات بگاڑے‘ فارن فنڈنگ کے ذریعے عمران خان کو برسر اقتدار لایا گیا“عمران خان کوشش کر رہا ہے کہ انکے کرپشن پر سوال نہ کئے جائیں، الیکشن کمیشن پر دھاوا بولنا بلیک میلنگ ہے۔منگل کو احسن اقبال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس میں دوبارہ عدالت پیش ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ملک کی ترقی، عوام کی فلاح کیلئے ایک بھی قدم نہیں اٹھایا، انہوں نے پونے 4 سال پاکستان کے مضبوط ترین وزیراعظم کے طور پر کام کیا، تمام ادارے انکی پشت پر کھڑے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے میڈیا کا گلا گھونٹ کر خاموش کروا دیا تھا، اپوزیشن کو پکڑ کر جیلوں میں ڈلوا دیا تھا، یہ کسی ڈکٹیٹرنے بھی نہیں کیا جو کام عمران خان نے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اقوام عالم کیساتھ پاکستان کے تعلقات بگاڑے، فارن فنڈنگ کے ذریعے عمران خان کو برسر اقتدار لایا گیا، انہوں نے ملکی معیشت کا چار سالوں میں بیڑہ غرق کیا، انہیں شرم آنی چاہئے جو چار دنوں میں ہی حساب مانگ رہے ہیں۔

احسن اقبال

مزید :

صفحہ آخر -