ایک دن میں لاہور ہائیکورٹ کے 2ڈویژن بنچوں کی سماعت سے معذرت،چوتھا نیا بنچ تشکیل
لاہور(نامہ نگار)لاہورہائی کورٹ دوسرے ڈویژن بنچ نے بھی مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کی عمرے پر جانے کی اجازت کیلئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی، یادرہے کہ اب تک عدالت عالیہ کے 3ڈویژن بنچز مریم نواز کی درخواست پر سماعت سے معذرت کرچکے ہیں،چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے مسٹرجسٹس علی باقرنجفی اور مسٹرجسٹس سردار احمد نعیم پر نیا چوتھاڈویژن بنچ تشکیل دے دیاہے جوآج 27اپریل کواس درخواست پرسماعت کرے گا،گزشتہ روز مسٹرجسٹس علی باقر نجفی اور مسٹرجسٹس فاروق حیدر پرمشتمل بنچ نے سماعت شروع کی تو فاضل بنچ کے رکن مسٹرجسٹس فاروق حیدر نے درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی جس پر فاضل بنچ نے فائل چیف جسٹس کوبھجوادی تاکہ اسے دوبارہ سماعت کیلئے کسی بنچ کو بھجوایا جاسکے،جس کے بعد چیف جسٹس نے مسٹرجسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل نیا بیچ تشکیل دے دیا،نئے بننے والے فاضل بنچ نے کچھ ہی دیر کے بعد مریم نوز کی درخواست پر سماعت شروع کی تو فاضل بنچ کے رکن مسٹرجسٹس اسجد جاوید گھرال نے بھی سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد فاضل بنچ نے دوبارہ درخواست چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کوبھجوادی تاکہ اسے سماعت کیلئے کسی دوسرے بنچ کے روبرو بھجوایا جاسکے،یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مسٹرجسٹس شہباز علی رضوی اور مسٹرجسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل بنچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی تھی،نیب کی جانب سے بھی مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی پر اعتراض اٹھا یاگیا، نیب کے پراسکیوٹر کا موقف ہے کہ مریم نواز کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس زیر التوا ہے،مریم نواز کے خلاف نیب حملہ کیس بھی زیر التواء ہے،مریم نواز کے علاوہ تمام ملزمان بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں،مریم بھی بیرون ملک چلی گئیں تو خدشہ ہے واپس نہیں آئیں گے،درخواست گزار مریم نواز کی طرف سے احسن بھون ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیا کہ عدالت نے درخواست گزار کی ضمانت منظور کر رکھی ہے، عدالتی حکم پر پاسپورٹ ہائیکورٹ سرنڈر کر رکھا ہے، مریم نواز عمرے کی ادائیگی کیلئے 27 اپریل کو سعودی عرب جانا چاہتی ہیں، پاسپورٹ سرنڈر ہونے کی وجہ سے عمرے کی ادائیگی نہیں ہو سکتی، عمرے کی ادائیگی کیلئے جانے کی اجازت دی جائے، عمرے کی ادائیگی کیلئے پاسپورٹ مریم نواز کے حوالے کرنے کا حکم دیا جائے، واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو ضمانت دیتے ہوئے پاسپورٹ سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔
مریم نواز پاسپورٹ