”توشہ خان“اور سابق کابینہ جلد پکڑی جائیگی،ضانتیں بھی نہیں ملنی:مریم نواز
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ہے عمران خان وزیراعظم شہباز شریف سے اتنا ڈرتے ہیں کہ ان کی ٹانگیں کانپتی ہیں، شہباز شریف نے شیروانی پہن لی اور وزیراعظم بن گیا اب تم اپنے زخم چاٹتے رہو،نااہل، نالائق عمران خان سے آپ کی جان چھوٹ گئی، ووٹ چور سے پنجاب کا مینڈیٹ واپس چھین لیا، عمران خان کا نیا نام توشہ خانہ خان ہے،نہ سیاست تمہارے بس کی بات ہے اور نہ نواز شریف کا مقابلہ کرنا تمہارے بس کی بات ہے۔ منگل کولاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج بہت سارے حساب برابر کرنے ہیں، آپ نے ظلم اور جبر کا مقابلہ ڈٹ کرکیا آپ کو سلام پیش کرتی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مبارک ہو، نااہل، نالائق عمران خان سے آپ کی جان چھوٹ گئی، ووٹ چور سے پنجاب کا مینڈیٹ واپس چھین لیا، عمران خان کا نیا نام توشہ خانہ خان ہے۔لیگی نائب صدر نے کہا کہ کل تک یہ کہتا تھا نواز شریف کی سیاست اور حکومت ختم ہوگئی، اب رو رہا ہے کہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر اس کی حکومت ختم کردی۔انہوں نے کہا کہ نہ سیاست تمہارے بس کی بات ہے اور نہ نواز شریف کا مقابلہ کرنا تمہارے بس کی بات ہے۔تم شہباز شریف سے اتنا ڈرتے ہو کہ تمہاری ٹانگیں کانپتی ہیں، شہباز شریف نے شیروانی پہن لی اور وزیراعظم بن گیا اب تم اپنے زخم چاٹتے رہو۔قبل ازیں مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد ان کی سابق کابینہ پکڑی جائے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ بقول توشہ خان کے 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے تو کان کھول کہ سن لو، بہت جلد تم سمیت تمہاری پوری سابق کابینہ پکڑی جائے گی اور ان کو ضمانتیں بھی نہیں ملنی۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ! ہمیں تو جھوٹے مقدمات اور انتقام میں پکڑا تھا نا، تمہارے مقدمات بڑے جرائم اور نا قابل تردید شواہد پر ہوں گے۔
مریم نواز
لاہور(جنرل رپورٹر) نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہاں ہے میں نواز شریف کا کارکن ہوں مجھے کارکن کہلوانے کی زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ سارا پنڈ بیمار ہو جائے حلف ضرور اٹھاؤں گا۔ عمران خان نے نوجوانوں اور مزدوروں کے خواب توڑے ہیں قوم اس سے حساب لینا چاہتی ہے۔وہ رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی طرف سے منعقدہ مسلم لیگ کے ورکر کنونشن سے دروغہ والا میں خطاب کر رہے تھے۔نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کی معیشت کا دھڑن تختہ کر دیا۔ اڑتیس فیصد روپے کی قدر گرائی گئی۔ 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کر کے غریبوں کے گھر گرا دئیے گئے۔میاں حمزہ شہباز نے کہا کہ بنی گالہ کے ناجائز گھر کو ریگولرائز کرایا گیا۔ عامر کیانی نے ادویات سکینڈل میں اربوں کاغبن کیا۔ دوست ملک کی دی گئی گھڑی کو بیچ کر مال پانی بنایا گیا۔ 4سال شریف خاندان کے خلاف بدترین انتقامی کارروائی کی گئی نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے پیٹ میں درد یہ ہے کہ ترقی کا سفر دوبارہ نہ شروع ہو جائے۔ جب بھی عام انتخابات ہوں گے ہر طرف شیر دھاڑے گامیاں حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عمران خان عید کے بعد جہاں جلسہ کریں گے وہاں جلسہ کر کے جواب دیں گے۔ ہم انتقام نہیں لیں گے مگر قوم کے ساتھ ہوئے ظلم کا حساب ضرور لیں گے۔
حمزہ شہباز