ینگ ڈاکٹرز کا ٹرینی ڈاکٹروں کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ
پشاور(سٹی رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن خیبر پختونخوا نے صوبائی حکومت کے اعلان کے بر عکس صوبہ بھر کے ٹرینی ڈاکٹروں کو عید سے پہلے تنخواہیں نہ ملنے کے ظالمانہ فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرینی ڈاکٹر زکو بر وقت تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے ینگ ڈاکٹر ز کے صوبائی عہدیداروں کے مطابق صوبہ بھر کے ملازمین کو تنخواہیں عید سے پہلے جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پی جی ایم آئی اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی نا اہلی کی وجہ سے صوبہ بھر کے ٹرینی ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی بندش کا مسئلہ ہے،ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی تمام ڈاکٹروں کی چھٹیاں عید پر منسوخ کرکے ان کی سپیشل ڈیوٹیاں لگا دی جائیں گی جبکہ ان کی تنخواہیں بند رہیں گی اس سلسلے میں صدر وائی ڈی اے کے پی کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ وزیر صحت کے پاس سوشل میڈیا سمیت ہر قسم کے کاموں کیلئے وقت ہے لیکن ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کیلئے وقت نہیں۔صوبائی حکومت اور پی جی ایم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹرینی ڈاکٹروں کی تنخواہیں بر وقت ریلیز کئے جائیں بصورت دیگر وائی ڈی اے خیبر پختونخوا راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جائے گی جس کی ساری ذمہ داری صوبائی حکومت اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پر ہوگی۔