پی ٹی آئی کا آئینی اداروں کو نشانہ بنانا فسوسناک ہے:ثمر بلور

پی ٹی آئی کا آئینی اداروں کو نشانہ بنانا فسوسناک ہے:ثمر بلور

  

        پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کی ترجمان ثمرہارون بلور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا اقتدار کھونے کے بعد آئینی اداروں کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔الیکشن کمیشن کے سامنے 10لوگوں کو لا کر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا۔اس سے پہلے دیگر آئینی اداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا، یہ روش غیرجمہوری اور غیرسیاسی ہے۔ الیکشن کمیشن کے سامنے تحریک انصاف کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے ثمرہارون بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فوج اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر غلیظ ٹرینڈز چلائے جو قابل مذمت ہیں۔پاکستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں آئین میں ہر ادارے کا دائرہ اختیار درج ہے۔آج الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنیوالے بھول گئے کہ چیف الیکشن کمشنر کا انتخاب آپ نے ہی کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کی لٹکتی تلوار دیکھ کر عمران خان اور انکے ساتھی ہوش کھو بیٹھنے کے قریب ہیں۔صوبہ بھر اور بالخصوص پشاور میں ناکام احتجاج سے واضح ہوگیا، پی ٹی آئی کی حقیقت عوام جان چکے ہیں۔ ثمرہارون بلور کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سالہ بدترین کارکردگی کی وجہ سے پی ٹی آئی عوام میں جانہیں سکی تھی، سازش کا ڈرامہ رچایا گیا۔پختونخوا میں 9سالہ اقتدار میں صوبہ ہر قسم کے آئینی حقوق سے محروم رہا۔بدقسمتی سے صوبے کے عوام کیلئے آواز اٹھانے والا بھی کوئی نہیں۔اب وقت آگیا ہے کہ عوام کے ساتھ ساتھ احتساب کے ادارے پی ٹی آئی کا احتساب کریں 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -