مریم نواز کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا
ساہیوال(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف سوشل میڈیا پر نازیبا زبان استعمال کرنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال نے چیچہ وطنی صدر پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق ڈی پی او نے چیچہ وطنی صدر سرکل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی)کو معاملے کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔
ڈی ایس پی کی طرف سے جمع کرائی گئی انکوائری رپورٹ میں تصدیق کی گئی کہ ایس ایچ او، سب انسپکٹر اے ڈی شاہین نے فیس بک پر مسلم لیگ ن کی لیڈر مریم نواز کے متعلق نازیبا باتیں کہیں۔ اس رپورٹ کے بعد ڈی پی او نے ایکشن لیتے ہوئے اے ڈی شاہین کو سروس سے معطل کرتے ہوئے پولیس لائنز ساہیوال رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔