شینگن ایلسوین گاڑی کی بکنگ روک دی گئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) شینگن ایلسوین (Changan Alsvin)گاڑی پاکستانی مارکیٹ میں تیزی سے مقبول ہوئی ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ تیزی سے بڑھتی ڈیمانڈ کے پیش نظر کمپنی کو اس گاڑی کی بکنگ بند کرنی پڑ گئی ہے۔ نیوز ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق کمپنی کی طرف سے پاکستان میں موجود اپنی تمام ڈیلرشپس کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ شینگن ایلسوین کی بکنگ روک دیں۔
رپورٹ کے مطابق کئی ڈیلرشپس نے بتایا ہے کہ وہ اپریل کے مہینے کا کوٹہ پہلے ہی پورا کر چکی ہیں۔ اب نئی بکنگ مئی 2022ءسے شروع ہو گی۔ ڈیلرشپس کی طرف سے بتایا گیا کہ گاڑی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہونے کے سبب اس کا ڈلیوری ٹائم 45دن سے بڑھا کر 75دن کر دیا گیا ہے۔ ماسٹر شینگن موٹرز لمیٹڈ کی طرف سے پاکستانی مارکیٹ میں یہ گاڑی ہنڈا سٹی اور ٹویوٹا یارس کے مقابلے میں متعارف کرائی گئی تھی۔
یہ گاڑی تین ماڈلز میں آتی ہے جن میں سٹینڈرڈ 1.3 مینوئل، سٹینڈرڈ 1.5 ڈی سی ٹی اور لومیئر 1.5ڈی سی ٹی شامل ہیں۔ یہ گاڑی دو پاور آپشنز میں بھی آتی ہے۔ ایک ماڈل 1.37لیٹر، 4سلنڈر پٹرول انجن کے ساتھ ہے جو 95ہارس پاور طاقت اور 135نیوٹن میٹرز ٹارک پیدا کرتا ہے۔ دوسری قسم 1.5لیٹر، 4سلنڈر پٹرول انجن کے ساتھ آتی ہے جو 105ہارس پاور طاقت اور 145این ایم ٹارک پیدا کرتا ہے۔ پہلی قسم میں مینوئل گیئر بکس ہے جبکہ دوسری میں آٹومیٹک۔ کمپنی کی طرف سے حال ہی میں اس گاڑی کی قیمت پر نظرثانی کی گئی ہے اور اب اس کی قیمت 30لاکھ کے لگ بھگ ہے۔