آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا، افغانستان سے بچ نکلنے والا برطانوی طالبعلم پاکستان میں پھنس کر رہ گیا

آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا، افغانستان سے بچ نکلنے والا برطانوی طالبعلم ...
آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا، افغانستان سے بچ نکلنے والا برطانوی طالبعلم پاکستان میں پھنس کر رہ گیا
سورس: Twitter/real_lord_miles

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد وہاں سے نکال کر پاکستان پہنچایا جانے والا برطانوی طالب علم پاکستان میں پھنس کر رہ گیا ہے جس نے گزشتہ روز مدد کے لیے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ 22سالہ مائیلز روٹ لیج نامی فزکس کا طالب علم برطانیہ کی لفبرا یونیورسٹی میں پڑھتا ہے۔ اسے جنگ زدہ علاقوں میں جانے کا شوق چرایا اور وہ افغانستان چلا گیا تاہم اس کے کچھ عرصے بعد ہی افغانستان پر طالبان کا قبضہ ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق مائیلز کو اقوام متحدہ نے افغانستان سے نکال کر پاکستان پہنچایا اور تب سے وہ پشاور میں مقیم ہے۔ اس نے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں روتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کے پاس پیسے ختم ہو چکے ہیں اور اب وہ مزید سفر کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔ اس نے بتایا کہ وہ اپنی اس ٹور گائیڈ پر 15ہزار پاﺅنڈ خرچ کر چکا ہے اور اب اس کے پاس کوئی رقم باقی نہیں رہی۔ 

چند روز قبل اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک ٹویٹ میں مائیلز نے بتایا تھا کہ وہ اب بھی کابل جانا چاہتا ہے اور وہاں سے ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا چاہتا ہے لیکن اب پاکستانی سکیورٹی فورسز اسے افغانستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہیں۔ اس نے بتایا کہ چند روز قبل اس نے پشاور سے واپس افغانستان میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن اسے روک دیا گیا۔ 

مزید :

برطانیہ -